• news

بھارت پھر مکر گیا، دریائے چناب پر متنازعہ ڈیمز کا معائنہ کرانے سے انکار

اسلام آباد (صباح نیوز، آن لائن) بھارتی انڈس واٹر کمشنر پی کے سکسینا نے پاکستانی آبی ماہرین کو دریائے چناب پر متنازعہ ڈیموں کا معائنہ کروانے سے انکار کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پی کے سکسینا نے پاکستانی ہم منصب کو خط لکھا ہے اور کہا ہے کہ بھارت فی الحال دریائے چناب پر متنازعہ ڈیموں کا معائنہ پاکستانی آبی ماہرین کو نہیں کروا سکتا۔ بھارت نے گذشتہ ماہ انڈس واٹر کمشنرز کے لاہور میں منعقد ہونے والے اجلاس میں دریائے چناب پر تعمیر ہونے والے پکل دل اور لوئر کلنائی کے معائنہ کی یقین دہانی کروائی تھی۔ انڈس واٹر کمشنرز کے اجلاس میں پاکستان نے بھارتی آبی جارحیت پر اعتراضات اٹھائے تھے جس کے بعد بھارتی وفد نے یقین دہانی کروائی تھی کہ ستمبر کے آخری ہفتے میں پاکستانی ماہرین کو دریائے چناب پر بننے والے منصوبوں کا معائنہ کروایا جائے گا۔ تاہم بعد میں بھارت نے کہا کہ پاکستانی وفد اکتوبر کے دوسرے ہفتے میں دورہ کرے گا اور ڈیموں کا معائنہ کرے گا۔ تاہم اب بھارتی انڈس کمشنر پی کے سکسینا کی جانب سے بتایا گیا مقبوضہ کشمیر کی انتظامیہ پنچائیت کے انتخابات میں مصروف ہے اس لئے فی الحال پاکستانی وفد کا دورہ نہیں ہو سکتاانہوں نے کہا ہم خود جلد پاکستانی حکام سے رابطہ کریںگے جبکہ بھارتی انڈس کمشنر کی جانب سے پاکستانی وفد کے دورے کے لئے نئی تاریخوں کا اعلان بھی نہیں کیا گیا جبکہ پاکستان نے اس صورت حال کو مایوس کن قرار دیا ہے۔ اس حوالے سے انڈس وائر کمشنر مہر علی شاہ نے تصدیق کرتے ہوئے بھارت کے منفی رویہ پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے واضح کیا کہ لاہور میں بھارتی وفد نے یقین دلایا تھا کہ پاکستان کو چناب بیسن پر تعمیر کیے جانے والے منصوبہ کو معائنہ کرایا جائے گا اور بعدازاں اپنی سہولت کے مطابق شیڈول بھی جاری کیا لیکن انہوں نے دوبارہ شیڈول ملتوی کردیا۔مہر علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’جب اس سطح پر کسی ایجنڈے پر آمادگی کا اظہار کردیا جائے تو چھوٹے مسائل کی وجہ سے شیڈول متاثر نہیں ہونے چاہیے، اس لیے ہم اپنے بھارتی واٹر کمیشن سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ گزشتہ ماہ لاہور میں اپنی کہی ہوئی بات پوری کریں۔

ای پیپر-دی نیشن