ملازمین کا احتجاج، ریڈیو پاکستان کی عمارت لیز پر دینے کا فیصلہ واپس
اسلام آباد(نوائے وقت نیوز)ریڈیو پاکستان کے ملازمین کے بعد وزار ت اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کو لیز پر دینے کے احکامات واپس لے لئے ۔تفصیلات بدھ کو ریڈیو پاکستان کے ملازمین نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کو لیز پر دینے کی حکومتی فیصلے کیخلاف پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج کیااور ریڈیو پاکستان کی عمارت لیز پر دینے کا فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ۔پاکستان یونائیٹڈ سٹاف آرگنائزیشن کے زیر اہتمام احتجاج میں شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔احتجاجی شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ریڈیو پاکستان نے ہر مشکل حالات میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے،اس ادارے کی تشکیل میں ملازمین کا خون شامل ہیں، اس کو ہرگز بند نہیں ہونے دیں گے،حکومتیں آنی اور جانی ہیں مگر ادارے قائم رہتے ہیں۔ احتجاجی دھرنے میںپاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رمیش لال کا خطاب میں کہنا تھا کہ ریڈیو پاکستان کی بنیاد شہید ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی، یہ مزدوروں کاادارہ ہے، شہد بھٹو کی نشانی کو کسی صورت بند نہیں ہونے دیں گے،حکومت ہوش کے ناخن لیں اور اپنا فیصلہ واپس لے،مزدوروں کے حقوق پر شب خون مارنے کی کسی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔قبل ازیں پولیس نے ملازمین کو پارلیمنٹ کی جانب جانے سے روکنے کی کوشش کی ،ملازمین اور پولیس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم ملازمین شاہراہ دستور پر پارلیمنٹ کے سامنے تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ بعد ازاں وزارت اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کی عمارت لیز پر دینے کے احکامات واپس لے لئے اور اس سلسلے میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس کے بعد ملازمین نے احتجاج ختم کر کے آفس میں واپس چلے گئے ۔