• news

پاکستان کیساتھ تعلقات خراب کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونگی : چین

نیویارک+ بیجنگ (آئی این پی) چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ چین کے تعلقات خراب کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہوں گی۔ چینی وزیر خارجہ نے یہ بات نیویارک میں پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات میں کہی۔ دونوں رہنمائوں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے نیویارک میں ہیں جہاں انہوں نے سربراہی اجلاس کی سائیڈ لائن پر ملاقات کی۔ مزید تفصیل کے مطابق وانگ ژی کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کے اس نئے دور کا خیرمقدم کرتا ہے جو وزیراعظم عمران خان کی حکومت برسراقتدار آنے کے بعد شروع ہوا ہے۔ پاکستان اور چین کو اقتصادی راہداری منصوبے کو آگے بڑھانے، تجارت کے فروغ اور غربت کے خاتمے کے لئے ہرممکن کوششیں جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان کے عوام تک ان کے ثمرات پہنچ سکیں۔ چین نے پاکستان اور بھارت پر پرامن طریقے اور باہمی مذاکرات سے تنازعات ختم کرنے پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں کے درمیان بہتر تعلقات جنوبی ایشیاء سمیت پورے دنیا کے امن اور ترقی کے لئے اہم ہیں۔ بدھ کو معمول کی پریس بریفنگ کے دوران چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان گینگ شوانگ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پاکستان اور بھارت جنوبی ایشیاء میں انتہائی دو اہم ممالک ہیں اور اس بات کو سراہا جائے گا اگر دونوں اپنے دو طرفہ تنازعات کو پر امن طریقے سے حل کر لیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بحالی کی ثابت قدمی کی پیش رفت خطے اور پوری دنیا کے امن و ترقی کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم مخلصانہ طور پر یہ امیدکرتے ہیں کہ دونوں ممالک آپس میں بات چیت کا عمل بڑھائیں گے اور مناسب طریقے سے اختلافات سے نمٹیں گے اپنے تعلقات بہتر بنائیں گے اور مشترکہ طور پر خطے کے امن و استحکام میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

ای پیپر-دی نیشن