بڑے شہروں میں پانی کیلئے تفصیلی پلان بنائیں ، اسلام آباد کی کچی آبادیوں کو نہ چھیڑ ا جائے : وزیر اعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت آبی وسائل سے متعلق اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تمام بڑے شہروں میں پانی کی سکیموں کیلئے تفصیلی پلان بنائے جائیں۔ وزیراعظم نے راولپنڈی اسلام آباد کیلئے واٹر سپلائی سکیم پر فوری کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ وزارت آبی وسائل‘ پلاننگ ڈویژن صوبائی حکومتوں سے مل کر پلان بنائیں۔ وزیراعظم کو ملک میں پانی کی دستیابی کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت کو ترجیحی بنیادوں پر بڑھانا ہو گا۔ زمین کے اوپر موجود پانی کے استعمال کی منصوبہ بندی کی جائے۔ داسو ڈیم کیلئے زمین کا حصول اور متاثرین کے مسائل فوری حل کئے جائیں۔ اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی موجودہ گنجائش 13.1 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش عالمی معیار سے کم ہے۔ وزیراعظم کو چھوٹے‘ درمیانے‘ بڑے ڈیمز کی تعمیر سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم عمران خان نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ اسلام آباد میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو ہرگز نہیں چھیڑا جائے گا، بلکہ زندگی کی بنیادی سہولیات بھی ان کچی آبادیوں کو فراہم کئے جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 53 پاکستان تحریک انصاف امیدوار علی نواز اعوان بدھ کے روز متاثرین اسلام آباد اور کچی آبادیوں کے رہائشیوں کے مسائل وزیراعظم کے نوٹس میں لانے کے لیے ان کے دفتر پہنچ گئے۔ علی نواز اعوان نے وزیراعظم عمران خان کے سامنے اِن دو مسائل سمیت ان کے حلقے میں پینے کے پانی کا مسئلہ بھی اٹھا دیا۔ وزیراعظم نے اسلام آباد کے شہریوں کے مسائل توجہ سے سنے اور اسلام آباد میں سپلائی ہونے والے پانی کی مقدار میں مزید 100 ملین گیلن یومیہ کے اضافے کا حکم دیا جبکہ متاثرین اسلام آباد کو نصف صدی سے درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے 90 دن میں خوشخبری سنائیں گے جس کے نتیجے متاثرین اسلام آباد کے مسائل کا مستقل حل نکل آئے گا۔ علی نواز اعوان نے اسلام آباد کے شہریوں مسائل ہمددردی سے سننے اور انہیں حل کرنے کے اقدامات پر شکریہ ادا کیا۔