مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقاتی کمشن بنایا جائے : شاہ محمود
نیویارک (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر کے اجلاس سے خطاب کیا۔ وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ ن مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحقیقاتی کمشن بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کچھ نہیں چھپا رہا تو انکوائری کمشن بنانے کیلئے حمایت کرے۔ بھارت او آئی سی کے انسانی حقوق کمشن کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دے۔ اقوام متحدہ کی مقبوضہ کشمیر سے متعلق رپورٹ حقائق پر مبنی ہے۔ بھارت کالے قوانین کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں ناقابل بیان مظالم ڈھا رہا ہے۔ علاوہ ازیں بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت سے معاملات بگاڑنے کے لیے محض دو جملے چاہئیں لیکن وہ صورتحال کو مزید خراب نہیں کرنا چاہتے، پاکستان نے ہمیشہ قیام امن کی حمایت کی ہے، قیام امن کے لیے جدید وسائل کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے، تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کا عزم رکھتی ہے۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم امن کے داعی ہیں، بہتری چاہتے ہیں۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات منسوخی سے متعلق بہت کچھ کہہ سکتا ہوں لیکن میں صورتحال مزید خراب نہیں کرنا چاہتا۔ امید ہے بھارت امن کے راستے پر آجائے گا۔ دوسری جانب نیویارک میں ایکشن فار پیس کیپنگ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان نے گزشتہ 5 دہائیوں میں یو این مشن کے لیے 2 لاکھ سے زائد اہلکار بھیجے، پاکستانی مرد اور خواتین نے یو این امن مشنز کے لیے 46 ملکوں میں کام کیا۔ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ جدید پیس کیپنگ کو متعدد چیلنجز کا سامنا ہے، ہمیں پیس کیپنگ میں توازن قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ دریں اثناء اٹلانٹک کونسل کی تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت بزنس دوست پالیسیوں پرعمل پیرا ہے، ہرسال لاکھوں نوجوانوں کوروزگار کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے، پاکستان میں بہت سی کثیر الاقوامی کمپنیاں دہائیوں سے منافع بخش کاروبار کر رہی ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستانی عوام نے 25جولائی کو تبدیلی کے حق میں ووٹ دیا، تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے اور قانون کی حکمرانی کا عزم رکھتی ہے اوروزیراعظم عمران خا ن علاقائی امن و استحکام کیلئے پڑوسی ممالک سے رابطے کررہے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے نیویارک میں ترک صدر، نیپال اورسوئٹزر لینڈ کے وزرائے خارجہ سے بھی ملاقاتیں کیں ۔ انہوں نے کہا پاکستان نے ہمیشہ اقوام متحدہ کے امن دستوں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے معاونت کی ہے وہ اس حوالے سے ڈکلریشن کی توثیق کرنے وال پہلا ملک ہے اور اس بات کا اعتراف خود سیکرٹری جنرل نے بھی کیا ہے۔ا س موقع پر مشترکہ عزائم کے ڈیکلریشن کی بھی منظوری دی گئی۔ ڈیکلیریشن میں متعلقہ اداروں بشمول یو این سیکرٹریٹ سلامتی کونسل جنرل اسمبلی امن دستوں کے لئے افرادی قوت فراہم کرنے والے ممالک تنازعات کا شکار ممالک فنڈز فراہم کرنے والے ممالک اور علاقائی تنظیموں نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے حوالے سے اپنی اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دریں اثناء قطری وزیر خارجہ نے پاکستانی ہم منصب سے ملاقات کے دوران ایک لاکھ ہنر مند پاکستانیوں کو ملازمت دینے کی پیشکش کی۔ملاقات کے دوران دونوں وزرا خارجہ کے درمیان باہمی تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا۔ قطری وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن نے شاہ محمود قریشی سے ملاقات کے دوران خارجہ امور پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی ورکرز کو ایک لاکھ ملازمتیں دینے کی پیشکش کی۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا نیویارک میں تیسرا دن بھی مصروفیات سے بھرپور گزرا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ نے ٹی بی کے خاتمے کیلئے منعقدہ اجلاس میں بھی شرکت کی۔ دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز سلامتی کونسل میں اصلاحات سے متعلق اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں اصلاحات کی حمایت کرتا ہے۔ سلامتی کونسل کو مزید جمہوری، شفاف ادارہ بنانا چاہئے۔