قلات میں آپریشن ، 4دہشت گرد ہلاک ، 2سپاہی شہید
قلات، پنجگور (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ) آپریشن ردالفساد کے سلسلے میں قلات کے علاقے منگھوچر میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں 4 دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو سپاہی شہید ہو گئے اور 2 زخمی ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سکیورٹی فورسز نے قلات کے علاقے منگھوچر میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد بلوچستان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیوں کا منصوبہ بنا رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران شہید ہونے والے سپاہی محمد وارث شاہبان کا تعلق جھنگ سے تھا جس نے سوگواران میں ایک بیوہ اور دو بیٹے چھوڑے جبکہ سپاہی میر عالم کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا۔ آپریشن کے دوران 2 خودکش جیکٹس اور بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔ پنجگور کے علاقے پھل آباد میں نامعلوم شرپسندوں نے ایف سی کے جوانوں پر خودکار ہتھیاروں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں لانس نائیک نورحسن شہید ہوگیا جبکہ تین جوان ارشاد، نصیب اللہ اور بلخ ایاز زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد علاقے کو گھیرے میں لیکر ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی۔ کوہلو کی تحصیل کاہان کے علاقے سرف میں ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے اینٹی ٹینک مائنز، دھماکہ خیز مواد، مارٹر رائونڈز کا ذخیرہ برآمد کر کے تحویل میں لے لیا، دھماکہ خیز مواد علاقے میں بدامنی کی کاروائیوں میں استعمال کیا جاناتھا۔ ڈیرہ بگٹی کے علاقے دولی کے مقام پر ریتہ لے جانے والے ٹرک پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ٹرک ڈرائیور سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔