• news

6ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی دوبارہ پاکستان کو مل گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) 6 ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی دوبارہ پاکستان کو مل گئی، ایف آئی ایچ نے گرین سگنل دیدیا۔پاکستان 14سال کے طویل عرصہ سے انٹرنیشنل سطح کے ہاکی ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے سے محروم ہے، آخری بار پاکستان نے 2004 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کی تھی۔ پی ایچ ایف کی کوششوں کے بعد ایف آئی ایچ نے چھ ملکی ٹورنامنٹ کی میزبانی پاکستان کوسونپی تاہم ترکی اوراومان کے انکار کے بعد اسے چار ملکی ٹورنامنٹ تک محدود کردیا گیا، بعد ازاں قازقستان اوربنگلہ دیش کی طرف سے بھی معذرت آنے کے بعد یہ ایونٹ ملتوی کردیا گیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے مذکورہ ٹیموں کی شرکت کویقینی بنانے کیلئے ایشین ہاکی فیڈریشن کو باقاعدہ خط لکھا گیا، ذرائع کے مطابق ایف آئی ایچ کی طرف سے اس خط کا جواب دیا گیا ہے جس میں6 ملکی ٹورنامنٹ کی میزبانی ایک بارپھرپاکستان کوسونپی ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں ماہ شیڈول 6 ملکی انٹرنیشنل ہاکی ٹورنامنٹ اب 17 تا 31 دسمبر تک لاہور میں کھیلا جائیگا۔سیکرٹری پی ایچ ایف شہباز احمد سینئر نے بتایا کہ اے ایچ ایف نے ٹورنامنٹ ری شیڈول کردیا ہے اور شریک ٹیموں کی کنفرمیشن تاریخ 5 اکتوبر مقرر کی ہے۔ ایونٹ میں پاکستان کے علاوہ اومان، قطر، بنگلہ دیش، سری لنکا، قازقستان اور افغانستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔سیکرٹری فیڈریشن کے مطابق ایونٹ کے کامیاب انعقاد سے نہ صرف پاکستان میں ہاکی کے سونے میدان آباد ہونگے بلکہ شائقین کو بھی دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان ہر حوالے سے محفوظ ملک ہے، کھلاڑیوں کی حفاظت کیلیے تمام تر انتظامات کیے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن