قومی ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار نے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں بھی سنبھال لیں
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قومی ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار نے ہیڈ کوچ کی ذمہ داریاں بھی سنبھال لیں جبکہ ایشین گیمز میں سابق ہیڈ کوچ کے ساتھ کام کرنے والے اولمپیئنز محمد ثقلین اور ریحان بٹ بدستور بطور معاون کوچز خدمات انجام دیں گے، ہیڈ کوچ نے وزیر اعظم سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے فنڈز کی اشد ضرورت ہے۔ قومی ہاکی ٹیم کو مالی مسائل درپیش ہیں جس سے تیاریوں میں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ بھارت میں ہونیوالا ورلڈ کپ سر پر ہے اور اس میں شرکت کرنا ملک کی عزت کا سوال ہے ۔ کیمپ میں ایشین ہاکی چیمپئینز ٹرافی سے قبل پینلٹی کارنر اور دفاع کے شعبے کو بہتر بنانا ہدف ہے۔ ان کا اصل ٹارگٹ ورلڈ کپ میں اچھے نتائج دینا ہے ۔کیمپ میں شمولیت نہ کرنے والے تین کھلاڑیوں بارے ہیڈ کوچ نے کہا کہ وہ یورپ میں مختلف لیگ کھیل رہے ہیں اور لیگ کھیلنے والے تین کھلاڑیوں کو براہ راست ٹیم میں منتخب کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے۔ معاون کوچ محمد ثقلین نے میڈیا سے بات ہوئے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس پر توجہ دی جاری ہے اس کے علاوہ پنالٹی کارنر پر گول کرنے کی شرح بڑھانی ہوگی۔سابق ہیڈ کوچ آلٹمینز بارے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آلٹمینز نے ٹیم کا دفاع مضبوط بنایا ہے اور ٹیم کے ساتھ کافی محنت کی ،اب ٹیم کے اٹیک پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔دوسرے معاون کوچ ریحان بٹ نے کہا کہ اولٹمینز کے نہ ہونے سے ہماری ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ کھلاڑیوں کا فٹنس لیول 50 سے 75 فیصد تک لے جانا اصل ہدف ہو گا۔