• news

سیہون: خوشحال خٹک ایکسپریس پھر الٹ گئی، ٹرینوں کی آمدورفت کئی گھنٹے معطل رہی

سیہون( آن لائن )سیہون کے قریب کراچی سے پشاور جانے والی خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے باعث اپ اور ڈاو¿ن لنک بند ہوگئے۔گزشتہ 10 روز کے دوران خوشحال خان خٹک ایکسپریس دوسری مرتبہ حادثے کا شکار ہوئی ہے، اس سے قبل 16 ستمبر کو ٹرین کراچی سے براستہ میانوالی، اٹک پشاور جا رہی تھی کہ مسان اور سوہان سٹیشن کے درمیان اس کی 8 بوگیاں الٹ گئی تھیں جس کے باعث 20 مسافر زخمی ہوئے۔ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ خوشحال خان خٹک ایکسپریس کو پیش آئے حادثے سے کراچی سے لاہور جانے والے ٹریک کو نقصان نہیں پہنچا اور سیہون ٹرین حادثے کا ریلوے کے کراچی لاہور سیکشن پر اثر نہیں پڑےگا۔سینئر جنرل منیجر ریلوے آفتاب اکبر کے مطابق خوشحال خان خٹک ایکسپریس کی 13 میں سے 10 بوگیاں پٹڑی سے اتریں جس کے بعد 3 ریلیف ٹرینیں حادثے کی جگہ بھجوا دی گئیں۔آفتاب اکبر کا کہنا تھا حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے جب کہ لاہور سے جانے والی خوشحال خان ایکسپریس اور بولان میل کو براستہ روہڑی روانہ کردیا گیا ہے۔ٹریک بحال نہ ہونے کے 5 گھنٹے بعد متاثرہ ٹرین کے مسافر انڈس ہائی وے سے گاڑیوں کے ذریعے اپنی منزلوں کی جانب روانہ ہوگئے جب کہ کوٹری سے امدادی انجن حادثے کے مقام پر پہنچ گیا۔ریلوے انتظامیہ کے مطابق کراچی میں ٹرینیں معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔
خوشحال ایکسپریس

ای پیپر-دی نیشن