• news

چیلنجز : تمام اداروں کو کردار ادا کرنا ہو گا‘ فوج اقتصادی ترقی کیلئے محفوظ ماحول فراہم کریگی : آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عوام کی حمایت سے دہشت گردی کے عفریت پر قابو پایا جا چکا ہے تاہم اب بھی ہمیں چوکس رہتے ہوئے بقا سے احیاءکی منزل کی جانب گامزن رہنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ملک میں پائیدار سماجی اور اقتصادی بہبود کی خاطر سازگار ماحول قائم کرنے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کرتی رہے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں ایئر یونیورسٹی میں تین روزہ بین الاقوامی کانفرنس سے ’تحفظ پاکستان‘ کے عنوان سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس تین روزہ کانفرنس کا عنوان ”بنیاد پرستی: تعلیمی اداروں میں حقائق، تصورات اور درپیش چیلنجز“ تھا۔ آرمی چیف نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے عالمی رجحان کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کو اس عفریت سے محفوظ رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ درپیش داخلی اور خارجی چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مجموعی طور پرلاحق خطرات اس بات کا مطالبہ کرتے ہیں کہ تمام اداروں کی جانب سے مل کر اس کے خلاف بھرپور ردعمل کا اظہارکیا جائے۔ چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ پاک فوج اور قوم نے ملک میں استحکام واپس لانے کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی آمد پر ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان، چیف آف ایئر سٹاف اور وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی، ایئر وائس مارشل (ر) فائز عامر نے ان کا استقبال کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو کردار ادا کرنا ہوگا، پرامن ماحول، معاشی و سماجی ترقی کے لیے آرمی کو جو بھی کرنا پڑا کرے گی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج اقتصادی ترقی کے لئے ملک میں محفوظ ماحول فراہم کریگی۔ جنرل باجوہ نے کہا کہ خطرات سے نمٹنے کیلئے تمام ریاستی اداروں کی قومی سطح پرہم آہنگی ضروری ہے۔ علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ سے امریکا کے ناظم الامور پال جونز نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی سمیت مختلف امور تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق آرمی چیف اور پال جونز کے درمیان ہونے والی ملاقات میں علاقائی سیکورٹی کی صورتحال سمیت افغانستان کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ آرمی چیف سے ملاقات میں امریکی ناظم الامور نے خطے میں تصادم روکنے کے لیے پاکستان کے کرداربھی کو سراہا ہے۔
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن