• news

خیبر پی کے میں محکمہ انسداد بدعنوانی کو مزید فعال بنانے کا فیصلہ

پشاور (بیورو رپورٹ) خیبر پی کے کے وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں محکمہ انسداد بد عنوانی خیبر پی کے کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبر پی کے نے کہا کہ کرپشن کا خاتمہ پی ٹی آئی حکومت کے ایجنڈے میں پہلی ترجیح ہے، ہماری اصل جدوجہد کرپشن کے خلاف ہے کیونکہ کرپشن سے امیروں کو کوئی فرق نہیں پڑتا، متاثر غریب عوام ہوتے ہیں۔ انہوں نے خیبر پی کے خدمات تک رسائی کے کمیشن کے نوٹیفیکیشن کی سرکاری گزٹ میں اشاعت کی بھی منظوری دی اور ہدایت کی کہ عوام کو خدمات کی تیز رفتار اور شفاف فراہمی کیلئے مزید خدمات کمیشن میں شامل کی جائیں۔ انہوں نے فاٹا انضمام پر صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا۔ اجلاس میں نئے اضلاع میں پیچیدہ مالی اور تکنیکی مسائل سمیت وہاں خدمات کے شعبوں کی فعالیت جیسے اہم اُمور پر غور وخوض کیا جائے گا۔ انہوں نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں صوبے کے حقوق کا بھرپور دفاع کرنے کا عندیہ دیا اس سلسلے میں صوبائی وزیر شہرام ترکئی کی صدارت میں قائم کمیٹی کو تیز رفتاری سے تیاری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن