• news

زرداری کیخلاف مقدمات انتقام، فواد چودھری کے بیان سے بلی تھیلے سے باہر آگئی: پیپلز پارٹی

لاہور (خبرنگار) پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور رکن اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے آصف زرداری کے مقدمات پر فواد چوہدری کے بیان سے بلی تھیلے سے باہر آچکی۔ سیاسی انتقام کے لئے آصف زرداری کے خلاف مقدمات نئی بات نہیں۔ تحقیقات ایف آئی اے کررہی ہے اور تحقیقات سے متعلق انکشافات فواد چوہدری کررہے ہیں۔ یہ واضح ہو چکا حکومت آصف زرداری سے سیاسی انتقام لینے کے لئے مقدمات بنا رہی ہے۔ صدر پیپلزپارٹی پنجاب قمرزمان کائرہ نے کہا فواد چوہدری کے ایک بیان نے آصف زرداری کے مقدمات کے نئے سلسلے کا سیاسی ہونا ثابت کر دیا۔ ایف آئی اے کی حساس تحقیقات کا فواد چوہدری کے علم میں ہونا باعث تعجب ہے۔ فواد چوہدری کے بیان سے حکومتی مداخلت ثابت ہونے پر زرداری کے خلاف ساری کارروائی مشکوک ہو چکی۔ عمران خان کا سیاسی انتقام نہ لینے کا دعوی بھی یوٹرن ثابت ہوا۔ ترجمان چیئرمین پی پی پی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر کے کہا فواد چودھری نے مقدس ایوان کا تقدس پامال کیا۔فواد چودھری نے جو زبان استعمال کی وہ کسی طور بھی پارلیمانی نہیں۔ ابھی تو اپوزیشن نے سوال شروع کئے ابھی سے حکومت ہانپنا شروع ہو گئی۔ کشکول توڑنے کا وعدہ کرنے والے چندا مانگ رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے وفاقی وزیر اطلاعات کے قومی اسمبلی میں رویئے پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ثابت ہو رہا ہے پی ٹی آئی کے پاس آج بھی زبان درازی کے علاوہ کچھ نہیں۔ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپوزیشن کو مشتعل کیا جا رہا ہے۔ یوٹرن پر یوٹرن لینے والے اب اپنے وعدوں اور اعلانوں سے بھاگنے کیلئے دوسرے حربے استعمال کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن