• news

پی آئی اے کی کینیڈا میں لاپتہ ہونیوالی ائرہوسٹس کا سراغ مل گیا، گلنٹن شہر میں غیرقانونی ملازمت کیلئے کوشاں

لاہور (خبرنگار) پی آئی اے کی کینیڈا میں لاپتہ ہونے والی ائر ہوسٹس فریحہ مختار کا سراغ مل گیا۔ فریحہ مختار پہلے سے کینیڈا میں رہائش پذیر ائر ہوسٹس مائرہ کے پاس پہنچ گئیں۔مائرہ بھی دو سال قبل لاہور سے کینیڈا جا کر روپوش ہو گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق فریحہ مختار سابق ایئر ہوسٹس مائرہ کے پاس گلنٹن میں موجود ہے۔مائرہ خود گلنٹن کے ہلٹن ہوٹل میں ریسپشنسٹ کی ملازمت کرتی ہے۔جبکہ مائرہ اور مڈل مین کی فریحہ کو غیر قانونی نوکری دلوانے کی بات چیت کی ریکارڈنگ بھی سامنے آگئی ہے۔مائرہ پاکستان سے جانے والی ائر ہوسٹسز کو مڈل مین حمزہ اور حارث کے ذریعے غیر قانونی مدد فراہم کرواتی ہے۔فریحہ مختار لاہور بیس سے تعلق رکھتی ہے مگر ڈیوٹی کراچی سے لگوائی گئی۔ کینیڈا پرواز پر فریحہ کی ڈیوٹی پیپلز یونٹی کے کچھ عہدیدار وں کی ملی بھگت سے لگوائی گئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ائرہوسٹس کے کینیڈا میں غائب ہونے پر پی آئی اے کو 8 ہزار ڈالر جرمانہ بھی ہو ا۔اس حوالے سے ترجمان نے کہا ہے کہ پی آئی اے انتظامیہ اپنی کارروائی کر رہی ہے۔غیر قانونی طریقے سے کینیڈا سلپ ہونے والی فریحہ مختار کی گرفتاری کے لئے کینیڈا پولیس سے رابطے میں ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن