• news

ڈی جی خان: باکھری کالونی کا واحد راستہ کھدائی سے تباہ سیوریج سسٹم نامکمل، مکینوں کو شدید پریشانی

ڈیرہ غازی خان (بیورو رپورٹ) ملتان روڈ پر زرعی بنک کے عقب میں واقع قدیم بستی باکھری کالونی میں آنے جانے کا واحد راستہ سیوریج کیلئے کھدائی سے بالکل تباہ ہو گیا، جگہ جگہ گڑھے پڑ گئے، خواتین اور بچوں کو سکول آنے جانے جبکہ مریضوں کو ہسپتال لیجاتے بہت دقت اور دھچکوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ علاقے کی رہائشی سماجی رہنا نوشین اعظم چودھری، عظیم جروار، حاجی شفیق اور دیگر نے بتایا کہ 6 ماہ پہلے سیوریج ڈالنے کیلئے یہ راستہ کھودا گیا، ٹھیکیدار نے گٹروں کی تعمیر میں انتہائی ناقص میٹریل استعمال کیا، سیوریج کی مین لائن بھی آخر تک نہ ڈالی گئی جبکہ کالونی کی گلیوں میں تو سیوریج کے پائپ پہنچے بھی نہیں۔ اب صورتحال یہ ہے کہ گٹر ٹوٹ چکے، ان کے ڈھکن غائب ہیں، گٹروں میں کوڑا اور ملبہ ڈالا جانے لگا ہے۔ ان کھلے گٹروں میں رات کے وقت جب یہ راستہ مکمل اندھیرے میں ڈوبا ہوتا ہے کئی مکین گر کر زخمی ہو چکے۔ انہوں نے بتایا کہ سیوریج سسٹم نہ ہونے سے جگہ جگہ گندے پانی کے جوہڑ بن چکے جن پر مکھیاں اور مچھر پلنے سے بیماریاں پھیل رہی ہیں، کالونی میں کوڑا اٹھانے اور صفائی کا کوئی انتظام نہیں، ایسا لگتا ہے کہ بلدیہ باکھری کالونی کو انسانوں کی آبادی ماننے کو تیار نہیں۔ بلدیاتی نمائندے عام انتخابات سے قبل لیگی حکومت کی طرف سے ہر یونین کونسل کو ملنے والے لاکھوں کے فنڈز کھا پی چکے، عملاً پورے ڈی جی خان میں بلدیہ کا نظام صفائی معطل نظر آتا ہے۔ انہوں نے مشیر صحت محمد حنیف پتافی، ایم این اے زرتاج گل اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازی خان سے مطالبہ کیا کہ باکھری کالونی کا تباہ حال راستہ تعمیر اور سیوریج کا کام مکمل کرایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن