• news

حکومت کا بے گھر افراد سے اکتو بر کے وسط میں درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ

لاہور( این این آئی)حکومت نے بے گھر افراد سے اکتوبر کے وسط میں درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد 50 لاکھ بے گھر افراد کو گھر دینے کا اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے ٹاسک فورس بھی قائم کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق مرکز کی سطح پر قائم ٹاسک فورس نے ابتدائی ہوم ورک مکمل کرلیا، نئے گھروں کی تعمیر کے لیے نئے شہر آباد کرنے کے علاوہ پہلے سے آباد شہروں میں سرکاری زمین پر بھی گھر بنائیں جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد سے 15 اکتوبر سے درخواستیں طلب کر کے گھروں کی طلب کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا اور ان درخواستوں کی بنیاد پر پہلے سال میں مجموعی گھر بنانے کا ہدف مقرر کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اپنا گھر لینے کے خواہشمند افراد کے لیے نادرا کی مدد سے فارم تیار کیا جائے گا جو مقررہ بینکوں کی شاخوں سے دستیاب ہوگا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بے گھر افراد کے لئے گھر فراہم کرنے کی قانون سازی کی جائے گی اور ’’اپنا گھر‘‘کے نام سے اتھارٹی قائم کی جائے گی جس کی اسمبلی سے بھی منظوری لی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ضلع چکوال کے ٹائون کلر کہار اور بھیرہ کے درمیان للا کے قریب نیا شہر بھی آباد کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن