حیدر آباد: برقع پوش خاتون لا پتہ کمسن بچی کی نعش پھینک کر فرار ہو گئی
کراچی (آن لائن) حیدر آباد میں انسانیت سوز واقعہ سامنے آگیا، برقع پوش خاتون نے معصوم ارمش کی نعش گلی میں پھینکی۔ بیگ خالی کیا اور اطمینان سے لے کر چلتی بنی۔ حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد 10 نمبر کے رہائشی آفتاب علی کی بیٹی ارمش شام پانچ بجے گھر سے نکلی، پھر واپس نہ لوٹی، گھر والوں نے تلاش کیا، ارمش تو نہ ملی مگر نعش مل گئی۔ گلی میں پڑی نعش ریسکیو ٹیم نے بھٹائی ہسپتال پہنچائی جہاں اس کی شناخت ارمش آفتاب علی کے نام سے ہوئی۔ پولیس کو ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک برقع پوش خاتون کندھے پر سیاہ رنگ کا بیگ لٹکائے گلی میں داخل ہوتی ہے، گلی کی نکر پر پہنچ کر بیگ خالی کرتی ہے اور دیوار کے ساتھ پھینک کر اطمینان سے بیگ لے کر چلی جاتی ہے۔ ڈیوٹی ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ پوسٹ مارٹم سے قبل وثوق سے کچھ بھی نہیں کہا جا سکتا۔ ارمش کے والد کا کہنا ہے قتل منصوبہ بندی کے تحت ہوا، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بچی سے زیاتی کے شواہد نہیں ملے۔ پولیس کے مطابق برقعہ پوش خاتون کی تاحال کوئی شناخت نہیں ہوسکی۔