جہلم: پرچہ چوری کا الزام، نرسنگ سکول کی طالبات کو کمرے میں قید کردیا، والدین کا احتجاج
جہلم (نامہ نگار) پرچہ چوری کے الزام میں نرسنگ سکول کی طالبات کوکمرے میں قید کردیااور لاہور سے انکوائری کے لیے آنے والی ٹیم کا ٹائم رات لیٹ نائٹ رکھا گیا۔ نرسنگ سکول انتظامیہ نے الزام لگایا کہ تھرڈ ائیرکی طالبات نے الماری کا تالہ توڑ کر پیپر چوری کیے ہیں جبکہ طالبات نے موقف دیا کہ ہم نے وظیفہ بند ہونے پر احتجاج کیا تھا اس لیے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں واقع نرسنگ سکول کی درجنوںطالبات کو کمرے میں کھانے اور پانی کے بغیر بند کردیا گیا تھا۔ سکول پرنسپل نے الزام لگایا کہ طالبات نے تھرڈ ائیر کا پیپر الماری کے تالے توڑ کرچوری کیے ہیں۔ طالبات نے اپنے گھر والوں کو پیغام پہنچایا تو والدین سکول کے باہر پہنچے جنہوں نے بچیوں کو نکلوایا اور احتجاج کیا کہ سکول کی پرنسپل طالبات سے گھر کے کام اور اپنے بھائیوں کی تیمارداری کرواتی ہے لیکن اس کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ اس کے علاوہ سکول میں ایک لڑکی نے دو بار خودکشی کی کوشش کی تھی لیکن اس کیس کو دبا دیا گیا۔ والدین نے کہاکہ ہماری بیٹیاں گھروں میں تھی تو پیپر چوری کیسے کرسکتی ہیں۔ سکول پرنسپل نے انکوائری کا ٹائم رات لیٹ نائٹ کا رکھا ہے جو کہ انوکھی انکوائری ہوگی جو رات کو ہوگی۔ طالبات نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے کچھ ماہ پہلے وظیفہ بند ہونے پر احتجاج کیا تھا اس کی بنا پر ہمیں الزام لگا کر تنگ کیا جارہاہے ہمیں اپنا حق مانگنا مہنگا پڑ گیا ہماری اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ وہ نوٹس لے کر کارروائی کریں۔