قصور: ستلج میں ریلا آنے سے لوگ پریشان، انتظامیہ کشتیوں کی سیرکرتی رہی، سیلفیاں
قصور (نمائندہ نوائے وقت)بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں پانی کا بڑا ریلہ آنے سے گنڈاسنگھ کے متعدد دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے تو دوسری جانب ڈپٹی کمشنر سمیت دیگر افسران سرکاری کشتیوں پر دریا کی سیر کے دوران سیلفیاں بناکر مزے لیتے رہے اور اس کو تفریح بنا لیا۔ سیلابی پانی سے متعدد دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوا تو ڈپٹی کمشنر متاثرہ لوگوں کی مدد کی بجائے ضلع کے دیگر افسران کو ساتھ لیکر سرکاری کشتی پر دریا کی سیر کو نکل پڑے اور کشتی پر بیٹھے ڈپٹی کمشنر رانا ارشد اور دیگر افسران سیلفیاں بناتے رہے یہ صورتحال دیکھ کر علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سیلاب سے ان کی سینکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں متاثر ہورہی ہیں اور زمینی رابطہ منقطع ہونے سے ان کی مشکلات میں شدید اضافہ ہو چکا ہے دوسری جانب ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ کے افسران سرکاری کشتیوں میں سلفیاں بنا کر لطف اندوز ہو رہے ہیں اور اس کو تفریح بنا لیا ہے جو ان کی تباہی کا مذاق اُڑانے کے مترادف ہے۔