چائنا کٹنگ، اینٹی کرپشن نے سابق ناظم مصطفی کمال کو طلب کر لیا
کراچی (کرائم رپورٹر) محکمہ اینٹی کرپشن نے سابق سٹی ناظم کراچی اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کو ایک بار پھر طلب کرلیا۔ چائنا کٹنگ کر کے قومی خزانے کو 4 ارب 15 کروڑ روپے کا نقصان پہنچانے کے مقدمے میں محکمہ اینٹی کرپشن نے مصطفیٰ کمال کو 3 اکتوبر کو طلب کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مصطفیٰ کمال کو 26 ستمبر کو طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے جس پر انہیں ایک مرتبہ پھر طلب کیا گیا ہے۔ ذرائع نے کہا کہ مصطفیٰ کمال پر واٹر بورڈ کی زمین کی غیر قانونی الاٹمنٹ کا کیس چل رہا ہے۔ یاد رہے کہ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن نے 9 نومبر 2017ء کو چیئرمین اینٹی کرپشن سے فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کو تفتیش کے لیے طلب کرنے کی بذریعہ منظوری مانگی تھی۔خط میں لکھا گیا تھا کہ فاروق ستار نے بطور میئر کراچی پی اینڈ ٹی کالونی گزری کی 50 ایکڑ اراضی کو کچی آبادی قرار دیا اور مصطفیٰ کمال نے بطور سٹی ناظم پی اینڈ ٹی کالونی کے پلاٹ مالکان کو لیزیں جاری کرنے کی منظوری دی۔