آبادی کنٹرول کرنے کیلئے نجی شعبہ کا تعاون ازحدضروری ہے:ہاشم ڈوگر
لاہور (لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر محکمہ بہبود آبادی پنجاب کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے اور فیملی پلاننگ کے اہداف کو حاصل کرنے کے لئیے پرائیویٹ سیکٹر کا تعاون ناگزیر ہے، عوام میں مانع حمل کے طریقوں اور ماں کی صحت سے متعلق آگہی پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر بہبود آبادی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے پنجاب پاپولیشن انوویشن فنڈ کے دفتر میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ میرا کام انتہائی ایمانداری سے حکومت کو ادارے اور اسکے پراجیکٹس کے حواے سے آگاہ کرنا ہے تاکہ ٓائندہ کی حکمت عملی موئثر طریقے سے طے کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے ادارے کی انتظامیہ سے نتائج چاہئیں اورمزید فنڈز اسی صورت میںاستعمال کئے جائیں گے جب موئثر نتائج سب کے سامنے آئیں گے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ خود فیلڈ میں جا کر تمام کلینکس اور وہاں دی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔