معروف صنعتکار، چیئرمین سروسز انڈسٹریز چودھری احمد سعید سپرد خاک: مرحوم شاہ خرچ، اپنے گاﺅں گندرہ کو ماڈرن ویلج بنایا
لاہور+ گجرات (خصوصی رپورٹر+ طفیل میر ) معروف صنعتکار اور چیئرمین سروسز انڈسٹریز چودھری احمد سعید کو گزشتہ روز مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ قبل ازیں ان کی نماز جنازہ ایف سی کالج میں جسٹس (ر) خلیل الرحمن رمدے نے پڑھائی جبکہ جنازے کے شرکاءمیں ان کے بھائی چودھری احمد مختار، چودھری احمد جاوید اور دیگر عزیز و اقارب سمیت مسلم لیگ ن کے صدر میاں شہباز شریف، پرویز ملک، خواجہ احمد حسان، زکریا بٹ، سعید مہدی، پیپلز پارٹی کے رہنماﺅں قمر الزمان کائرہ، چودھری منظور، منیر احمد خان، قاسم ضیائ، سہیل ملک، سپریم کورٹ کے جج جسٹس منصور علی شاہ، ملک امین اسلم، اعجاز بٹ، شاہد حسین، زاہد حسین، مصطفی رمدے، عامر علی احمد، اعظم بٹ، قاسم جعفری، انجم نثار سمیت صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ گجرات سے طفیل میر کے مطابق سروس گروپ آف انڈسٹری کے چےئرمین چوہدری احمد سعیدکا تعلق گجرات کے نواحی گاﺅں گندرہ سے تھا انکے والد نے لوگوں کو روزگار دینے کیلئے گجرات میں سروس انڈسٹری لگائی، اب ابھی ہزاروں افراد اس میں برسر روزگار ہیں چوہدری احمد سعید کاروبار سے پہلے چوہدری فضل الٰہی کو الیکشن میں سپورٹ کرتے رہے جنہیں صدر بنانے میں سروس انڈسٹری کا اہم کردار ہے۔ بعدازاں بھٹو حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد ہونیوالے الیکشن میں انہوں نے صوبائی الیکشن کی سیٹ پر کامیابی حاصل کی۔ ضلع بھر کی سیاست پر انہوں نے مخالفین کا ہمیشہ ڈٹ کا مقابلہ کیا۔ چوہدری احمد سعید کا شمار شاہ خرچ لوگوںمیں ہوتا تھا انہوں نے گجرات کے بے شمار لوگوں اور ساتھیوں کو نوازتے ہوئے آبائی گاﺅں گندرہ کو جدید سہولیات فراہم کر کے ماڈرن گاﺅں بنایا۔ گجرات کی سیاست کا بڑا نام تھا۔ انکے بھائی چوہدری احمد مختار چوہدری شجاعت حسین کو دو مرتبہ شکست دے کر ایم این اے منتخب ہوئے۔ دو مرتبہ انہوں نے الیکشن لڑنے کی کوشش کی تاہم صحت کی خرابی کے سبب وہ الیکشن نہیں لڑ سکے۔ بے نظیر بھٹو کے پہلے دور حکومت میں چےئرمین زرعی ترقیاتی بنک بن کر گرانقدار خدمات سرانجام دیں وہ صبح آٹھ سے رات آٹھ بجے تک کام کرتے رہے جس پر انکا نام چوہدری آٹھ سے آٹھ پڑ گیا۔ بعدازاں وہ چےئرمین پی آئی اے بھی بنے جو چائے سے لیکر ٹشو پیپر کے بل تک سروس انڈسٹری سے ادا کرتے تھے۔
احمد سعید