• news

وزیراعظم نے پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ روک دیا‘ اکتوبر میں موجودہ نرخ برقرار رہیں گے

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز+نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے روک دیا۔ وزیراعظم سے وزیر خزانہ اسد عمر نے بنی گالہ میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو ملکی مجموعی معاشی صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے وزیراعظم کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھی جائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ عوام پر کوئی اضافی بوجھ نہیں ڈالنا چاہتے۔ وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ اکتوبر میں پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رہیں گی۔ اوگرا نے پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 10 پیسے، ڈیزل کی قیمت 4 روپے 41 پیسے، مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 66 پیسے لٹر اضافہ تجویز کیا تھا۔ لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے لٹر اضافے کی تجویز دی گئی۔ وزیراعظم نے پٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے عوام پر بوجھ نہ ڈالنے کے پیش نظر موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔ ڈیزل پر جی ایس ٹی کی موجودہ شرح کو 22 فیصد سے کم کر کے ساڑھے 17 فیصد کر دیا۔ پٹرول ساڑھے 9 فیصد سے کم کر کے ساڑھے 4 فیصد، مٹی کے تیل پر 6 فیصد سے کم کر کے ڈیڑھ، لائٹ ڈیزل پر جی ایس ٹی کی شرح زیرو کر دی۔ وزیراعظم نے اوگرا کی تجاویز پر غور کیا۔ عالمی مارکیٹ میں تیل کی غیریقینی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔ یہ بات نوٹ کی گئی کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں تیزی ہے۔ یہ بھی غور کیا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں تیزی کی صورتحال واپس بھی ہو سکتی ہے۔
پٹرول قیمتیں

ای پیپر-دی نیشن