عوام کے ساتھ ہر مافیا سے لڑوں گا محکموں کو پرفارمنس میں بہتری لانا ہو گی : عثمان بزدار
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے کے عوام کے مسائل حل کرنا میری پہلی اور آخری ترجیح ہے اور میرے دروازے ہمہ وقت کھلے ہیں۔ میں عوام سے ہوں اورآج صوبے کا عام آدمی وزیراعلیٰ ہے۔ وزیراعلیٰ نے ان خیالات کا اظہار مختلف وفود سے گفتگو میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ عوامی مسائل کے حل میں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دوں گا۔ عثمان بزدار ہر مافیا کے ساتھ لڑے گا اور عوام کے ساتھ کھڑا ہوگا، 30روز میں، میں نے اپنے اور عوام کے درمیان کسی کو حائل نہیں ہونے دیا۔ نیا پاکستان وزیراعظم عمران خان کا خواب ہے جس کی تعبیر کے لئے ہم جان لڑا دیں گے۔ لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی سے خطاب میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت مشن اور اوڑھنا بچھونا ہے۔ میں عوام کی خدمت کر رہا ہوں اور پروٹوکول ختم کر دیا ہے۔ سرکاری دفاتر کی پرفارمنس سے حکومت کی کارکردگی جانچتے ہیں لہٰذا پنجاب کے تمام محکموں کو اپنی پرفارمنس میں یقینی بہتری لانا ہوگی۔ ہم بہتر طرز حکومت لائیں گے اور عوام کو بہترین خدمات مہیا کریں گے اور سرکاری دفاتر میں دو گھنٹے اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ ہمارا ہر ایم پی اے اپنے حلقے کا وزیراعلیٰ ہو گا اور منتخب نمائندوں کی مشاورت سے عوام کی ترقی و خوشحالی کے پروگرام پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ پنجاب کی پولیس میں انقلابی تبدیلیاں لا رہے ہیں اور اس ضمن میں اصلاحات کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔ ہم عوام کی خدمت کے نام پر ووٹ لیکر آئے ہیں اور اپنے وعدے نبھائیں گے۔ پنجاب میں وزراءاپنے محکموں میں عوامی فلاح وبہبود کے فیصلے کرنے کیلئے بااختیار ہیں۔ ہمارے اقدامات سے 100 روز میں عوام کو ریلیف کا احساس ہوگا۔ ہم نے صرف کام، کام اور کام کرنا ہے۔ کسی کو کرپشن کی قطعاً اجازت نہیں دی جائے گی۔ عمران خان پاکستان کے عوام کی امید ہیں اور ہم سب ان کے مشن میں ساتھ کھڑے ہیں۔ تحرےک انصاف کی حکومت پنجاب کے عوام کو ان کا حق لوٹا کر دم لے گی۔ عثمان بزدار نے پاکپتن میں حضرت بابا فرید گنج شکر پر قومی رضاکار پر پولیس تشدد کے واقعہ کی آر پی او ساہیوال سے رپوٹر طلب کرلی ہے۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ صوبے کے اہم انتظامی معاملات اور سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے۔ عوام کے مسائل کے فوری حل کے لئے بلدیاتی نمائندوں کو مالی و انتظامی اختیارات دئیے جائیں گے۔عثمان بزدار نے سابق وفاقی وزیر چودھری احمد مختار کے بھائی اور پی آئی اے کے سابق چیئرمین چودھری احمد سعید کے سینئر صحافی جواد نظیر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عثمان بزدار