غلام حیدر وائیں لیڈر تھے، عمران سیاسی آدمی نہیں: جاوید ہاشمی
میاں چنوں (نامہ نگار) سابق وزیراعلیٰ پنجاب غلام حیدر وائیں کی پچیسویں برسی کی تقریب اسلامیہ گرلز کالج میاں چنوں میں ہوئی‘ برسی سے خطاب کرتے ہوئے سینئر رہنما جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ غلام حیدر وائیں ایک لیڈر تھا میں نے اس سے سیاست سیکھی‘ شہید وائیں نے محنت اور لگن سے عوام کے لئے کام کئے، ہمارا مقابلہ عمران خان سے نہیں بلکہ منظم قوتوں سے تھا نیب لوگوں کو لوٹا بنانے والی مشین ہے میں نے آٹھ سال نیب کا مقابلہ کیا۔ عمران خان خود انتشار کی علامت ہے۔ ہم پاکستانی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں ہم آرمی کے جوتوں پر لگنے والی دھول کو سرمہ بناتے ہیں۔ ملک کا تین مرتبہ وزیراعظم بننے والا قابل انسان میاں نوازشریف تھا۔ عمران خان کوئی سیاسی آدمی نہیں ہے اور نہ اس کی سوچ سیاسی ہے۔ ندیم کامران صوبائی صدر مسلم لیگ ن پنجاب نے کہا کہ غلام حیدر وائیں بجا طور پر درویش صفت انسان تھے، ان کا اوڑھنا بچھونا مسلم لیگ تھا۔ سی پیک کا منصوبہ نواز شریف کی محنت کا نتیجہ ہے۔ ڈویژنل صدر مسلم لیگ ن بلال بٹ نے کہا کہ ورکرز سیاسی جماعتوں کا اثاثہ ہوتے ہیں، انہیں نظر انداز نہیں کرنا چاہئے۔ غلام حسین شاہد‘ پیر محمد اسلم بودلہ‘ رانا بابر حسین‘ فیصل خان نیازی‘ راؤ سعادت علی‘ ڈاکٹر غزالہ شاہین وائیں‘ غلام شبیر ساقی‘ سابق چیئرمین بلدیہ شیخ محمد جمیل‘ سابق ناظم سٹی شیخ سجاد احمد کے علاوہ کونسلرز بلدیہ و چیئرمین یونین کونسلز سمیت ہزاروں افراد نے تقریب میں شرکت کی۔ بیگم مجیدہ وائیں نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ یاد رہے کہ برسی کی تقریب میں قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی میاں حمزہ شہباز شریف کی آمد و خطاب تھا مگر طبیعت ناسازی کی وجہ سے شرکت نہ کرسکے۔