اٹامک انرجی کمیشن کی ایک اور ورکشاپ کو سیفٹی کلاس ون لائسنس جاری
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کی ایک اور ورکشاپ کو سیفٹی کلاس ون لائسنس جاری کر دیا گیا۔ لائسنس پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے جاری کیا۔ ترجمان اٹامک انرجی کمیشن کے مطابق لائسنس کے بعد پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ایٹمی بجلی گھر کے آلات بناسکے گا۔ لائسنس کا اجرا خود انحصاری کی راہ میں اہم قدم ہے۔ ترجمان جوہری توانائی کمیشن نے کہا ہے نیوکلیئر پاور پلانٹ کے تھری پر تعمیراتی کام مکمل کرلیا گیا۔ پلانٹ پر گنبد نصب کردیا گیا ہے۔ کے تھری جوہری پاور پلانٹ پر اہم ترین سنگ میل عبور کرلیا گیا ہے۔ چیئرمین جوہری توانائی کمیشن محمدنعیم کے مطابق کے تھری نیوکلیئر پاور پلانٹ پر گنبد کی تنصیب کے ساتھ پلانٹ پر سول کام مکمل ہوگیا۔ یہ ہمارے انجینئرز‘ ٹیکنیشنز اور چینی دوستوں کی وجہ سے مکمل ہوا۔ ایٹمی بجلی گھروں سے قومی گرڈ میں 2200 میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوگا۔