مشاہداللہ نے سینٹ میں جو زبان استعمال کی اس پر کوڑے مارنے چاہئیں‘ فیصل واوڈا
کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مشاہداللہ نے سینٹ میں جو زبان استعمال کی اس پر کوڑے مارنے چاہئیں‘ پاکستان سٹیل ڈوب گئی مگر شریف خاندان کی مل اربوں روپے کمارہی ہے‘ نواز شریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ بنا لئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہاکہ نوازشریف نے سعودی عرب میں ملز بنا لی اور ملک کا برا حال کر دیا۔ انہوں نے کہاکہ اپنا ضمیر بیچنے پر پی ٹی آئی کے 20 لوگوں کو پارٹی سے نکالا گیا‘ عمران خان جو بھی فیصلہ کرتے ہیں ثبوت دیکھنے کے بعد کرتے ہیں‘ ثبوت انہی جماعتوں نے جمع کئے تھے جن کو ووٹ دئیے گئے تھے۔ رہنما پی ٹی آئی نے کہاکہ بنک اسٹیٹمنٹ اور ویڈیوز بھی بطور ثبوت سامنے آئی تھیں‘ ویڈیوز سے پتہ چلا تھا کہ کون رکن کس کے گھر پر تھا‘ پہلے 100 ارب والے اور اس کے بعد ہزاروں کی چوری کرنے والوں کو پکڑیں گے۔ پوچھے گئے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ فواد چودھری نے کرپٹ لوگوں کو سادہ الفاظ میں چور کہا ہے‘ مشاہداللہ نے جو زبان استعمال کی ہیں لوگ شرمندہ ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مشاہداللہ نے سینٹ میں جو زبان استعمال کی اس پر کوڑے مارنے چاہئیں‘ بتایا جائے پارلیمنٹ میں رہنے والوں‘ کیا کوئی پارلیمانی کام کئے؟