امریکہ طالبان سے غیر مشروط مذاکرات کیلئے تیار ہے: زلمے خلیل زاد
کابل (این این آئی+نیٹ نیوز) امریکی خصوصی مشیر برائے افغانستان زلمیخلیل زاد کا کہنا ہے کہ امریکہ طالبان سے پیشگی شرائط کے بغیر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ خیل زاد نے امریکی ریڈیو کو انٹرویو میں کہا دہشت گردی امریکہ کے لئے سنگین مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان کی حکومت اور طالبان کے درمیان مفاہمت کرانا میرا مشن ہے۔ زلمے خلیل زاد کا یہ بھی کہنا تھا افغانستان میں امریکی فوج کی موجودگی مشروط ہے، افغانستان سے دہشت گردی کا خاتمہ امریکا کا اہم ترین مقصد ہے۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایسی خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ ان کے نمائندوں نے حالیہ ہفتے میں کابل حکومت کے اہلکاروں سے کوئی ملاقات کی ہے،جرمن ریڈیو کے مطابق افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایک بیان میں ایسی خبروں کو مسترد کر دیا کہ ان کے نمائندوں نے حالیہ ہفتے میں کابل حکومت کے اہلکاروں سے کوئی ملاقات کی ہے، قبل ازیں میڈیا نے طالبان ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ اطراف کے وفود نے سعودی عرب میں ملاقات کی ہے۔ اس ملاقات کو افغانستان میں بیس اکتوبر کو ہونے والے پارلیمانی الیکشن سے قبل اہم قرار دیا جا رہا تھا۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ کابل حکومت اس انتخابی عمل کو پرامن بنانے کی خاطر طالبان سے مدد کی خواہاں ہے۔