• news

10 سال میں چھوٹی انڈسٹری میں کوئی ترقی نہیں ہوئی: پرویز الٰہی

گجرات، لاہور(نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے کہا عمران خان کی نیت نیک ہے انشاءاللہ انکے ساتھ ملکر تمام تر مسائل پر قابو پا لیں گے۔ وہ اپنے دیرنیہ ساتھی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری منظور دھدرا، عثمان دھدرا کی رہائشگاہ پر چوہدری مونس الٰہی کی انتخابی مہم کے سلسلہ میں گفتگو کررہے تھے۔ گجرات میںعمران خان کا کوئی نام نہیں لیتا تھا اس وقت عثمان منظور دھدرا نے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ایسے مخلص کارکنوں پر ہمیں فخر ہے جو بغیر کسی مفادات کے پارٹی پالیسی کے تحت چوہدری مونس الٰہی کی انتخابی مہم کیلئے کام کررہے ہیں۔ سابق ایم این اے چوہدری وجاہت حسین نے کہا کہ جس طرح جنرل الیکشن میں پی ٹی آئی ورکروں نے ہمارا ساتھ دیا اس طرح ضمنی الیکشن میں پہلے سے بڑھ کر ہمارے ساتھ چلیں اور چوہدری مونس الٰہی کو کامیاب بنائیں۔ انشاءاللہ ق لیگ اور تحریک انصاف کے ورکروں کو ساتھ لیکر چلیں گے پی ٹی آئی ورکروں کو جہاں ہماری ضرورت ہو ہم موجود ہونگے۔ وزیراعظم عمران خان کی بہترین پالیسیوں سے ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔ بلدیاتی الیکشن میں تمام ساتھیوں کو ایڈجسٹ کیا جائیگا۔ کسی ساتھی کو تنہا نہیں چھوڑینگے۔ چوہدری عثمان منظور دھدرا نے کہا کہ پارٹی پالیسی کو مدنظر رکھتے جنرل الیکشن میں ق لیگ اور پی ٹی آئی کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کو کامیاب کرایا گیا تھا۔ اس بار ضمنی الیکشن میں مشترکہ امیدوار چوہدری مونس الٰہی کو پہلے سے بڑھ کرلیڈ سے کامیاب کرائینگے۔ اس موقع پرسابق تحصیل ناظم چوہدری سعادت نواز اجنالہ، سابق ایم پی اے چوہدری خالد اصغر گھرال، چوہدری عبدالرحمن سرائے ڈھنگ، قاضی سیف اللہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ دریں اثنا پاکستان الیکٹرک فین مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کی حلف برداری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پچھلے دس سال کے دوران چھوٹی انڈسٹریز میں کوئی بہتری نہیں آئی، فین، پاٹری، سپورٹس، سرجیکل اور دیگر چھوٹی انڈسٹری کے مسائل میں اضافہ کے باعث ان کی برآمدات بری طرح متاثر ہوئیں، پیداوار کم ہوئی اور بیروزگاری میں بھی اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ فین انڈسٹری ہو یا کوئی دوسری صنعت ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اس سے ایکسپورٹس بڑھتی ہیں اور ملازمتیں بھی پیدا ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر سیکٹر پر بہت توجہ جس سے ملک آگے بڑھا، پچھلے دس سال میں شور تو بہت مچا لیکن انڈسٹری سیکٹر میں ہوا کچھ نہیں، ہمارے وژن 2020ءمیں شارٹ ٹرم، مڈ ٹرم اور لانگ ٹرم پراجیکٹس شامل تھے، چھوٹی انڈسٹری کے حوالے سے ہم سیالکوٹ- گجرات- لاہور موٹروے اور سویڈن و جرمنی کے تعاون سے ٹیکنیکل یونیورسٹیاں بنا رہے تھے لیکن یہ یونیورسٹیاں بھارت منتقل ہو گئیں، سابق چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر عطاءالرحمن سے ملاقات میں اس پراجیکٹ کا بھی ذکر ہوا اور میں نے ان سے کہا کہ اب گجرات میں ایک ٹیکنیکل یونیورسٹی بنوا دیں تاکہ مقامی انڈسٹری مزید پھلے پھولے اور اس میں ویلیو ایڈیشن ہو۔ انہوں نے کہا کہ جرمن یونیورسٹی پر ہم نے کام شروع کر دیا ہے، ہماری قائم کردہ گجرات یونیورسٹی میں 18 ہزار بچے بچیاں تعلیم حاصل کررہے ہیں۔

پرویز الٰہی

ای پیپر-دی نیشن