• news

خیبر پی کے احتساب کمشن کے اثاثے حکومتی تحویل میں لینے کا فیصلہ‘ مقدمات نیب اینٹی کرپشن کے سپرد ہونگے

پشاور (صباح نیوز) خیبر پی کے احتساب کمشن کے اثاثے حکومتی تحویل میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ اثاثے محکمہ ایڈمنسٹریشن اور محکمہ اسٹیبلشمنٹ کے حوالے کئے جائیں گے۔ احتساب کمشن کے کیسز نیب اور محکمہ اینٹی کرپشن کے سپرد کئے جائیں گے۔ کے پی احتساب کمشن 2014ءمیں ایکٹ کے تحت قائم کیا گیا تھا۔ کے پی حکومت نے اسے ختم کرنے کا فیصلہ کر رکھا ہے اور اب احتساب کمشن کے اثاثوں کی حوالگی کے حوالے سے کام جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا کمشن کے اثاثے محکمہ ایڈمنسٹریشن اور محکمہ اسٹیبلشمنٹ کے حوالے کئے جائیں گے جبکہ احتساب کمشن کے کیسز نیب اور اینٹی کرپشن محکمہ کے سپرد کئے جائیں گے۔ ریگولر ملازمین کو گولڈن شیک ہینڈ دیا جائے گا یا ان کو سرپلس پول میں ڈالا جائے گا جبکہ کنٹریکٹ پر کام کرنے والے 41 ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ صوبائی کابینہ کرے گی۔ احتساب کمشن کے خاتمہ کے لئے رپیل ایکٹ کی تیاری جاری ہے۔ یہ ایکٹ حکومت کو منظوری کے لئے بھیجا جائے گا اور اس کے بعد اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔ اسمبلی سے منظوری کے بعد احتساب کمیشن ختم تصور ہو گا۔ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کے پی ارشد مجید نے نجی ٹی وی کو بتایا احتساب کمشن کے خاتمہ کے حکومتی فیصلہ پر عملدرآمد جاری ہے اور قانون کے تحت بنے ادارے کو قانون سے ہی ختم کیا جائے گا۔ جلد رپیل ایکٹ حکومت کو منظوری کے لئے بھیج دیا جائے گا۔ ایکٹ میں کیسز کی حوالگی، ملازمین اور اثاثوں کے حوالے سے سب کچھ واضح کیا جائے گا۔ کمیشن کا بجٹ اور اثاثے ضرورت کے مطابق دیگر محکموں کو فراہم کئے جائیں گے۔

احتساب کمشن

ای پیپر-دی نیشن