پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ سلیکشن کمیٹی کپتان سے رپورٹ طلب کر لی
لاہور(سپورٹس رپورٹر) ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیم مینجمنٹ، سلیکشن کمیٹی اور کپتان سے اس کی رپورٹ طلب کر لی ہے جس کی روشنی میں آسٹریلیا کے خلاف امارات میں کھیلی جانے والی سیریز کے بعد نوٹس لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی نے قومی ٹیم کی اچانک ناقص کارکردگی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ٹیم مینجمنٹ سے کہا ہے کہ وہ جلد اپنی رپورٹ تیار کر کے دے کہ آخر ایسی کیا وجوہات ہیں جس کی بنا پر ہماری ٹیم بری طرح ناکام ہوئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پاکستان ٹیم کی ایشیا کپ میں دو مرتبہ بھارت کے ہاتھوں ہونے والی شکست کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف اہم میچ میں بھی ناکامی کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کے نام اپنے پیغام میں وضاحت طلب کی ہے کہ بتایا جائے کہ ہمارے کھلاڑیوں کی کھیل کے تینوں شعبوں میں اچانک کارکردگی کے پیچھے کیا محرکات ہیں۔
چیئرمین پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ سے یہ بھی پوچھا ہے کہ فخر زمان، کپتان سرفراز احمد اور فاسٹ باولر محمد عامر جن پر تمام ٹورنامنٹ کا انحصار تھا ان کی کارکردگی کیوں سوالیہ نشان بنی رہی۔ فیلڈنگ کے شعبہ میں کھلاڑیوں کی جانب سے اہم کھلاڑی کے کیچ ڈراپ کیے جانے پر فیلڈنگ کوچ اور ٹرینر سے بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنی رپورٹ بھجوائیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی ان تمام رپورٹس کی روشن میں آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے بعد قومی ٹیم میں تبدیلیوں کے امکان کے بارے میں غور کیا جائے گا۔