فیصل رضا عابدی کی اسلام آباد ہائیکورٹ سے ایک روزہ حفاظتی ضمانت منظور، ٹرائل کورٹ سے رجوع کا حکم
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے اعلیٰ عدلیہ اور قومی اداروں کے خلاف بیان دینے پر درج مقدمات میں سابق سینیٹر فیصل رضا عابدی کی ایک روز کے لئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی ہے۔ عدالت نے فیصل رضا عابدی کو ضمانت کے لئے آج منگل کو ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کا حکم دیا ہے۔ فیصل رضا عابدی نے تھانہ سیکرٹریٹ اور ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لئے پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تو ایک درخواست پر جسٹس محسن اختر کیانی جبکہ دوسری درخواست پر جسٹس اطہر من اللہ نے سماعت کی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ ایک ہی شہر کی عدالت میں پیش ہونے کے لئے حفاظتی ضمانت کا کوئی تصور نہیں ہے، متعلقہ عدالت میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دینی چاہئے، عدالت نے فیصل رضا عابدی کو آج منگل کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
فیصل رضا عابدی