اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 1.70 روپے مہنگا، ریٹ 128 روپے ہو گیا
لاہور (کامرس رپورٹر) اوپن مارکیٹ میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ شروع ہو گیا اور ڈالر کی قیمت مزید 1.70روپے اضافے سے 128 روپے ہو گئی واضح رہے اوپن مارکیٹ میں تین روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں مجموعی طور پر 2.40روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔ برطانوی پونڈ 2 روپے 50 پیسے مہنگا ہو کر 167 روپے اور یورو 1.50روپے مہنگا ہو کر 148 روپے 50 پیسے کا ہو گیا ہے۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات کے باعث ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں ممکنہ کمی کے پیش نظر بعض حلقے ڈالر کی خریداری کر رہے ہیں۔
ڈالر
اسحاق ڈار کی جائیداد نیلامی، نیب کی
درخواست پر فیصلہ محفوظ، آج سنایا جائیگا
اسلام آباد (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں اشتہاری ملزم سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی بحق سرکار ضبط کی گئی جائیداد کی نیلامی کے لئے نیب کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جو آج سنایا جائے گا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے ریفرنس میں اشتہاری ملزم اسحاق ڈار کی قرق کی گئی جائیداد نیلام کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ نیب کے سپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق نے موقف اختیار کیا کہ عدالت کو ریفرنس میں مفرور اور اشتہاری قرار دیئے جانے والے ملزم کی جائیداد نیلامی کا حکم دینے کا اختیار ہے۔ ملزم جائیداد ضبطگی کے بعد 6 ماہ تک عدالت سے رجوع کرسکتا ہے، اس عرصے کے دوران اعتراض نہ آئے تو وہ جائیداد فروخت کی جاسکتی ہے لہٰذا عدالت احکامات جاری کرے۔ اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ملزم اسحاق ڈار کی جائیداد کی قرقی کے احکامات 14 دسمبر 2017 کو دیے تھے اور عدالتی حکم پر نیب نے ملزم کی پاکستان میں جائیداد 18 دسمبر 2017 میں قرق کر لی تھی۔ قومی احتساب بیورو کی طرف سے ملزم اسحاق ڈار کی پاکستان میں جائیداد کی تفصیلات عدالت میں پیش کردی گئی ہیں۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر عمران قریشی کی طرف سے احتساب عدالت میں پیش کی جانے والی فہرست کے مطابق ملزم کے گلبرگ لاہور میں ایک گھر اور چار پلاٹس ہیں۔ اس کے علاوہ اسحاق ڈار کے اسلام آباد میں چار پلاٹس ہیں۔ نیب کی طرف سے پیش کی جانے والی دستاویز میں کہا گیا ہے کہ ملزم اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کی پاس پاکستان میں 3 لینڈ کروزر گاڑیاں ہیں۔ اس کے علاوہ اسحاق ڈار کے پاس دو مرسڈیز اور ایک کرولا گاڑی ہے۔ نیب کی دستاویزات میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اسحاق ڈار اور ان کی اہلیہ کی ہجویری ہولڈنگ کمپنی میں 34 لاکھ 53 ہزار کی سرمایہ کاری ہے۔ بیرون ممالک جائیداد کے بارے میں نیب حکام کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار کے دبئی میں تین فلیٹس اور ایک مرسیڈیز گاڑی ہے۔ اس کے علاوہ ملزم کی بیرون ملک تین کمپنیوں میں شراکت بھی ہے۔ عمران شفیق نے بی بی سی کو بتایا کہ اگر کسی بھی مرحلے پر اشتہاری قرار دیا جانے والا ملزم عدالت میں پیش ہو جائے اور وہ عدالت کو مطمئن کر سکے کہ وہ غلط فہمی کی بنیاد پر عدالت میں پیش نہیں ہوسکا تو ایسی صورت حال میں عدالت ملزم کی فروخت کی جانے والی جائیداد کی رقم ملزم کو واپس کرنے کے احکامات جاری کر سکتی ہے۔ نیب کے ڈپٹی پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ جو جائیدادیں ملزم نے اپنی اہلیہ کے نام کی ہوئی ہیں وہ بے نامی کے زمرے میں آتی ہیں اور ان کو فروخت کرنے میں کسی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ اس کے برعکس قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ اسحاق ڈار کی اہلیہ اس ریفرنس میں شریک ملزم نہیں ہیں اس لیے ان کے نام جو جائیداد ہے اس کو نیب نیلام نہیں کرسکتا۔
اسحاق ڈار