کم عمری، صوبائی نشست پر شاہ محمود کو شکست دینے والے محمد سلمان نااہل قرار
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے پی پی 217 ملتان سے نو منتخب رکن صوبائی اسمبلی محمد سلمان کو نااہل قرار دے دیا۔ محمد سلمان نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو شکست دی تھی۔ محمد سلمان نے بطور آزاد امیدوار انتخاب لڑا تھا۔ محمد سلمان کو 25 سال سے کم عمر ہونے کی وجہ سے نااہل قرار دیا ہے۔ الیکشن کمشن نے پی پی 217 کے ووٹرز شعیب اکمل قریشی اور طاہر حمید قریشی کی جانب سے درخواست پر محفوظ فیصلہ سنادیا۔ فیصلہ میں قرار دیا کہ نادرا ریکارڈ کے مطابق محمد سلمان کی عمر الیکشن کے وقت 25 سال سے کم تھی۔ الیکشن کمشن نے پی پی 217 میں دوبارہ انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ کمشن نے محمد سلمان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ الیکشن کمشن نے محمد سلمان کو انتخابات لڑنے کےلئے عمر کی حد پوری نہ ہونے اور انتخابات کےلئے دوسرا شناختی کارڈ بنانے پر نااہل قرار دیتے ہوئے حلقے میں دوبارہ انتخابات کا حکم جاری کردیا۔ واضح رہے کہ محمد سلمان صوبائی اسمبلی کی نشست جیتنے کے بعد تحریک انصاف میں شامل ہوگئے تھے اور حال ہی میں انہیں وزیر اعلیٰ پنجاب کا مشیر برائے ٹرانسپورٹ مقرر کیا گیا تھا۔
محمد سلمان نااہل