تجاوزات کیخلاف آپریشن ، منشابم کی فرینچرمارکیٹ بھی مسمار
لاہور (خبرنگار+ خصوصی نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر قیمتی سرکاری اراضی قبضہ گروپوں، لینڈ مافیا اور غیرقانونی تعمیرات سے واگزار کرانے کیلئے ایل ڈی اے کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران کی ذاتی نگرانی میں آپریشن کلین اینڈ گرین لاہور شروع کردیا گیا۔ ایل ڈی اے کے عملے نے گزشتہ روز پی آئی اے روڈ جوہر ٹائون کے دونوں طرف آپریشن کرکے منشا بم نامی لینڈ مافیا کے قبضے سے ایل ڈی اے کے ملکیتی سوا 2 ارب کے 34 پلاٹ واگزار کروالئے۔ اسکے علاوہ عام شہریوں کے ملکیتی 39 پلاٹوں پر قائم ناجائز تعمیرات، عارضی دکانیں اور دیگر سٹرکچر بھی مسمار کرکے ان پر غیرقانونی قبضہ ختم کردیا۔ منشاء بم کی فرنیچر مارکیٹ میں 25 سے زائد پرانے فرنیچر کے شورومز تھے جبکہ 20 سے زائد کروڑوں روپے مالیت کے کمرشل پلاٹس واگزارکروا لیے گئے۔ آپریشن کے دوران وزیر ہائوسنگ پنجاب میاں محمودالرشید بھی موقع پر موجود ہیں۔واضح رہے، پنجاب حکومت نے قبضہ مافیا کیخلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گرینڈ آپریشن میں 31687 کنال سرکاری اراضی کو واگزار کروایا جائے گا۔ ایل ڈی اے، ایم سی ایل اور والڈ سٹی کی طرف سے قابضین کو نوٹس ارسال کردئیے گئے ہیں، تجاوزات و قبضہ کی ہوئی جگہوں پرنشان بھی لگا دیئے گئے۔ دریں اثنا سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ تجاوزات کیخلاف مہم کا مقصد بڑی مچھلیوں پر ہاتھ ڈالنا ہے، صوبے بھر میں تجاوزات کے خلاف شروع ہونے والا آپریشن آخری ہدف تک جاری رہے گا اور کسی سے کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی اور قانون کی حکمرانی قائم کر کے رہیں گے۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ سرکاری اراضی کی واگزاری میں شہری بھی تعاون کریں اور کسی جگہ بھی الجھاؤ کی کیفیت پیدا نہ ہونے دیں۔ عبدالعلیم خان نے بتایا کہ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں انہیں پنجاب کے مجوزہ نئے بلدیاتی ڈھانچے پر تفصیلی بریفنگ دی ہے اور اب اُن کی طرف سے حتمی گرین سگنل کا انتظار ہے۔ علاوہ ازیں کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے کہا ہے کہ کلین اینڈ گرین پنجاب ہدف کے تحت تمام اضلاع میں تجاوزات، سرکاری زمینوں پر قبضہ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری لاہور ڈویژن میں انتظامیہ دیگر محکموں کے ساتھ مل کر بھرپور متحرک ہے۔