پاکستان عظیم چینی قوم کی شاندار کامیابیوں کا مداح ہے: صدر ، وزیر اعظم
اسلام آباد (این این آئی) صدر مملکت عارف الرحمن علوی اور وزیر اعظم عمرا خان نے پاکستان اور چین کو اچھے ہمسائے اور بھائی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ پاکستان عظیم چینی قوم کی شاندار کامیابیوں کا مداح ہے، سی پیک منصوبہ دونوں ممالک کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا ٗقومی ترقی و خوشحالی کی جانب پیش قدمی میں پاکستان چین کا نہایت قابل اعتماد اور ثابت قدم دوست رہے گا۔ منگل کو اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ کو عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر تہینی پیغام میں صدر مملکت عارف علوی نے کہاکہ پاکستان عظیم چینی قوم کی شاندار کامیابیوں کا مداح ہے جو چینی صدر کی بصیرت انگیز قیادت میں نئی بلندیوںکو چھوئے گی۔ انہوں نے کہاکہ قومی ترقی و خوشحالی کی جانب پیش قدمی میں پاکستان چین کا نہایت قابل اعتماد اور ثابت قدم دوست رہے گا۔صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں اور یہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مضبوط تر ہوں گے۔ ہماری نیک تمنائیں ہمیشہ چین کے عوام کے ساتھ رہیں گی۔ صدر نے چینی عوام کی ترقی، خوشحالی اور دیر پاامن کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔عوامی جمہوریہ چین کے قومی دن کے موقع پر چینی وزیر اعظم لی کی کیانگ کے نام اپنے مبارکباد کے پیغام میں وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستانی عوام کے دلوں میں چین کا خصوصی مقام ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اپنے بنیادی تصورات کے مطابق ترقی کے سفر کی جانب گامزن ہے اور ہم اپنی سدا بہار تزویراتی معاون شراکت داری کو مزید تقویت دینے اور پاک چین اقتصادی راہداری کے مواقع کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ملک کر کام کرنے کے خواہاں ہیں ۔