نندی پوریفرنس، احتساب عدالت بابراعوان ، پرویز اشرف سمیت 8 ملزموں پر24 اکتوبر کوفردجرم عائدکریگی
اسلام آباد (نامہ نگار)اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نندی پورپاور پراجیکٹ کرپشن ریفرنس کی سماعت کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف سمیت 8ملزمان پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے ریفرنس کی نقول ملزمان کے حوالے کر دیں۔بابر اعوان سمیت تمام ملزمان پر فرد جرم 24اکتوبر کو عائد کی جائے گی، عدالت نے اس روز تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا۔پرویز اشرف نے مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں دائر کر دی جس پر عدالت نے نیب کو نوٹس جاری کر دیا۔ملزمان پر نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے منصوبے کی لاگت بڑھانے اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔