• news

اللہ نے نواز شریف اور مریم کو جھوٹے مقدمے میں سرخرو کیا: حمزہ شہباز

لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان میں ترقی صرف میاں نواز شریف کے دور میں ہی ہوئی، اللہ تعالیٰ نے میاں نواز شریف کو جھوٹے مقدمات میں سرخرو کیا، مفروضوں کی بنیاد پر میاں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو جیل بھجوایا گیا، جج کو اپنے فیصلے میں لکھنا پڑا کہ میاں نواز شریف اور مریم پر جو کرپشن کا الزام تھا وہ ثابت نہیں ہوا، نواز شریف نے قوم اور عظیم مقاصد کیلئے قربانی دی، مینارٹی کا لفظ اچھا نہیں سمجھتا بلکہ ہم سب پاکستانی ہیں، مسیحیوں کو جو بھی شکایت ہو گی پاکستان مسلم لیگ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی، مسیحیوں نے آج تک جو بھی کمٹمنٹ کی وہ آخر تک اس پر قائم رہے، قتل کے مقدمہ میں دیت دیکر رہائی پانے والے کو پنجاب کا وزیراعلیٰ لگا دیا گیا ہے۔ نیا پاکستان بنانے والوں نے ڈیڑھ ماہ سے جو تماشا لگایا ہوا ہے عوام نے اسے قبول نہیں کیا اور 14 اکتوبر کو ہمیشہ کیلئے انہیں مسترد کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ رات میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن کے ڈیرے پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر این اے 124 سے پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار شاہد خاقان عباسی نے بھی خطاب کیا۔ حمزہ شہباز نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ نیازی چندا مانگتے ہی رہ جائو گے ڈیم میاں نواز شریف ہی آ کر بنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن