کچا جیل روڈ، چنگ چی ڈرائیور نے ایل ٹی سی کیخلاف بطور احتجاج رکشہ جلا دیا
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) کچا جیل روڈ پر چنگ چی رکشہ ڈرائیوروں نے لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے رکشے کو نذرآتش کردیا جس سے گھنٹوں ٹریفک معطل رہی۔ ایمبولنس بھی ٹریفک جام کا شکار ہوگئی۔ ایل ٹی سی کے لاء انفورسمنٹ اہلکاروں کی جانب سے ہائیکورٹ کے حکم کے مطابق کچا جیل روڈ پر موٹر سائیکل رکشوں کو چیک کیا جا رہا تھا اور اس دوران ایک رکشے کا چالان کیا گیا تو رکشہ مالک نے اپنے موٹر سائیکل رکشہ کو آگ لگا دی جس پر دیگر رکشہ والے بھی وہاں پہنچ گئے اور انہوں نے مظاہرہ شروع کردیا۔ مظاہرین نے ایل ٹی سی حکام کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور مطالبہ کیا کہ ایل ٹی سی کی جانب سے چنگ جی رکشوں کے ہزاروں روپے کی چالان کی بھرمار کو روکا جائے ۔ مظاہرین نے الزام عائد کیا کہ ایل ٹی سی کے اہلکاروں نے ان کے رکشہ کو نذرآتش کیا۔ عینی شاہدین کے مطابق رکشے کے چالان کے بعد اہلکاروں اور رکشہ والوں میں تلخ کلامی ہوئی اور رکشہ مالک نے اپنے رکشے کو آگ لگا کر ٹریفک بلاک کردی۔ ایل ٹی سی کے ترجمان ناصر حسین نے کہا کہ ایل ٹی سی اہلکار جب بھی عدالتی حکم کے بعد غیر قانونی رکشوں کیخلاف کارروائی کرتے ہیں تو رکشہ یونین اہلکاروں کیساتھ غنڈہ گردی کرتے ہیں اور غیرقانونی احتجاج شروع کردیتے ہیں۔ عوامی رکشہ یونین کے ترجمان شفیق چودھری نے بتایا کہ رکشے کو آگ لگانے والے اس واقعہ کا تعلق ہماری یونین سے نہیں ہے اور نا ہی ہمارا اس سے کوئی تعلق ہے۔