سانحہ صفورا کیس:وکیل کی عدم حاضری کے باعث سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی
کراچی(صباح نیوز) سندھ ہائی کورٹ میں سانحہ صفورا کیس کی سماعت وکیل کی عدم حاضری کے باعث غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی گئی۔منگل کوسندھ ہائی کورٹ میں سانحہ صفورا میں فوجی عدالت کی سزائے موت کے خلاف دہشت گردوں کی اپیلوں کی سماعت مجرموں کے وکیل حشمت حبیب کی عدم حاضری کے باعث غیرمعینہ مدت تک ملتوی کی گئی۔ عدالت نے مجرموں کے وکیل سے فوجی عدالت کے حکم نامہ کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں جبکہ عدالت نے مجرموں کی سزا کے خلاف اپیل پر قانونی آرا بھی طلب کر رکھی ہیں۔فوجی عدالت نے سانحہ صفورا اور دہشت گردی کے دیگر مقدمات میں ملزمان سعد عزیز، طاہر منہاس، اظہر عشرت، حافظ ناصر اور اسد الرحمن کو سزائے موت سنائی تھی۔کراچی میں صفورا چوک پر دہشت گردوں نے ایک بس کو نشانہ بنایا تھا جس میں اسماعیلی برادری کے افراد سوار تھے۔دہشت گردوں نے بس میں سوار 45افراد کو موت کے منہ میں دھکیل دیا تھا اور 13شدید زخمی ہوئے تھے۔کراچی میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سعد عزیز کوعدم ثبوت پر نجی سکول حملہ کیس میں بھی بری کردیا تھا۔سعد عزیز اور طاہر حسین منہاس کیخلاف پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا کہ ملزمان نے نارتھ ناظم آباد میں واقع نجی سکول پر 18 مارچ 2015 کو دستی بم سے حملہ کیا۔پولیس کے مطابق دستی بم حملے سے سکول کی بیرونی دیوار منہدم ہوگئی تھی۔