ترک پولیس کا ملک گیر کریک ڈائون، دہشتگردوں کی امداد، منی لانڈرنگ کرنیوالے 266افراد گرفتار
انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترک پولیس نے منی لانڈرنگ کرنے والوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈائون کے دوران 216 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق دارالحکومت استنبول کی عدالت نے 4 سو 17 مشتبہ افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے جبکہ آپریشن 40 شہروں میں کئے گئے۔ اناطولو کے مطابق ترک پولیس نے ان تمام افراد کو امریکہ میں مقیم ایرانی نژاد افراد کو غیرقانونی طریقوں سے رقم منتقل کئے جانے کے جرم میں گرفتار کیا۔ مشتبہ افراد کو دہشت گردوں کی مالی امداد اور مجرمانہ سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کا سامنا ہے۔ اناطولو ایجنسی کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ ان افراد نے 2017ء سے اب تک 2 ارب 40 کروڑ لیرا ( 40 کروڑ ڈالر) 28 ہزار 88 غیر ملکی اکاؤنٹس میں منتقل کئے تھے۔ خبر ایجنسی کے مطابق یہ رقوم غیرقانونی طور پر منتقل کرنے والے افراد کو کمیشن دیا جاتا تھا۔ تحقیقات کے مطابق جن افراد کو یہ فنڈز بھیجے گئے تھے ان میں سے اکثر کا تعلق بنیادی طور پر ایران سے ہے اور وہ امریکا میں مقیم تھے۔