• news

جسٹس (ر) امان اللہ یاسین زئی گورنر بلوچستان مقرر‘ بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہے

اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)بلوچستان ہائیکورٹ کے سابق چیف جسٹس امان اللہ یاسین زئی کو گورنر بلوچستان مقرر کردیا گیا۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے امان اللہ یاسین زئی کو وزیر اعظم کی تجویز پر گورنر مقرر کیا۔ امان اللہ یاسین زئی 27 جنوری 1997ءکو بلوچستان ہائیکورٹ میں بطور تعینات اور 2005ءسے 2009ءتک ہائیکورٹ کے چیف جسٹس رہے جبکہ وہ صوبے کے قائم مقام گورنر کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ وہ سابق صدر جنرل(ر) پرویز مشرف کے دور میں ملک میں لگائی جانے والی ایمرجنسی میں پی سی او کے جج کے طور پر حلف اٹھانے والوں میں شامل تھے تاہم پی سی او کے تحت حلف اٹھانے پر سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے انکا معاملہ سپریم جوڈیشنل کونسل کو بھجوایا تھا جس کے بعد وہ بلوچستان کے چیف جسٹس کے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے۔ امان اللہ یاسین زئی 7 مئی 1954ءکو کوئٹہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے انٹر، بی اے اور ایم اے کی تعلیم ایف سی کالج لاہور سے حاصل کی۔ 1981ءمیں قانون کی پریکٹس کا آغاز کیا اور 1997ءمیں بلوچستان ہائیکورٹ میں جج مقرر ہوئے۔
گورنر بلوچستان

ای پیپر-دی نیشن