• news

ُٰپی ایچ ایف انکوائری کمیٹی نے نوید عالم کیخلاف رپورٹ فیڈریشن کو بھیج دی

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس)پاکستان ہاکی فیڈریشن کی چاررکنی انکوائری کمیٹی نے برخواست کئے جانے والے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اولمپیئن نوید عالم کے خلاف اپنی رپورٹ فیڈریشن کو بھیج دی ہے۔ کمیٹی نے رپورٹ میں لکھا ہے کہ نوید عالم نے ہاکی فیڈریشن کے آئین کی شق 10.5اور 26.2کی خلاف ورزی کی ہے۔اور یہ کہ صدر پی ایچ ایف نے اپنے آئینی اختیارا ستعمال کرتے ہوئے نوید عالم کو برخواست کیا ۔ تاہم کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ نوید عالم کی جانب سے دی گئی تفصیلی تحریری سٹیٹمنٹ کی باقاعدہ تفصیلی تحقیقات بھی کرانے کی ضروت ہے۔ظاہر شاہ کی سربراہی میں چار رکنی انکوائری کمیٹی نے اولمپیئن نوید عالم کی جانب سے فیڈریشن بارے بیانات اور ہاکی کے مفادات کے خلاف کام کرنے کے الزامات کی انکوائری کرنے کے بعد اپنی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ کمیٹی نے نوید عالم کو نوٹس دینے کے بعد باقاعدہ ان کا بیان بھی ریکارڈ کیا جبکہ نوید عالم نے تین صفحوں پر مشتمل تحریری بیان بھی جمع کرایا تھا۔رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ نوید عالم نے انکوائری کمیٹی کے رو برو تمام سوالات کے جوابات دئے تاہم انہوں نے سیکرٹری کی جانب سے تین ستمبر کو دئے جانے والے شو کاز کا جواب مقررہ دنوں کے اندر نہیں دیا۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ ان کے اخباری بیان پر شو کاز بارے انہوں نے تین تاریخ کو ہی سیکرٹری ہاکی فیڈریشن سے بات کی اوراخبار میں دئے گئے بیان کی تردید کی جبکہ اخبار کے خلاف اظہار وجوہ کا نوٹس بنا کر بھی دفتر میں دیا جو اخبار کو نہیں بھیجا گیا۔نوید عالم نے تین ستمبر کے اپنے بیان بارے مؤقف اختیار کیا کہ اسے غلط انداز میں پیش کیا گیا۔ سیکرٹری شہباز سینئر نے ان سے بھی زیادہ میڈیا کو سخت بیانات دئے تھے۔تاہم کمیٹی نے قرار دیا کہ نوید عالم نے نوٹس کا بھی بروقت تحریری جواب دینے میں ناکام رہے جو آئینی خلاف ورزی ہے۔ نوید عالم نے انکوائری کمیٹی کے سامنے بعض معاملات اٹھائے جو غیر متعلقہ اور شو کاز نوٹس میں لگائے گئے الزامات کے متضاد تھے۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ نوید عالم نے پی ایچ ایف آئین کی خلاف ورزی کی ہے اور صدر پی ایچ ایف نے آئینی طور پر حاصل شدہ اپنے اختیارات کے تحت نوید عالم کو برخواست کیا۔ کمیٹی نے چند سفارشات بھی کی ہیں کہ فیڈریشن میں تنخوا ہ دار عہدوں پر تقرری کی ایگزیکٹو کمیٹی کی سفارش پر باقاعدہ منطوری لی جانی چاہیے۔ یاد رہے کہ نوید عالم کی جانب سے قومی ہاکی ٹیم کی پے در پے ناکامیوں پر تنقید کرنے اور فیڈریشن کے سیکرٹری کو نشانہ بنانے پر انہیں برخواست کر دیا تھا جبکہ میڈیا میں خبریں آنے پر ہاکی فیڈریشن کے صدر نے نوید عالم کی برخواستگی کے بعد چار رکنی انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن