انٹرنیشنل مینز سکواش چیمپئن شپ 8 اکتوبر سے لاہور میں شروع ہوگی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) انٹرنیشنل مینز سکواش چیمپئن شپ 8 اکتوبر سے لاہور میں شروع ہوگی۔ سیکرٹری پنجاب سکواش ایسوسی ایشن شیراز سلیم کے مطابق پاکستان کے علاوہ مصر، ملائیشیا، انگلینڈ، فرانس، ہانگ کانگ، جرمنی اور آئرلینڈ کے کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔20 ہزار ڈالرز کے ایونٹ کی خوش آئند بات پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ غیرملکی کھلاڑی بھی اس ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں۔24 کھلاڑی مین رائونڈ میں حصہ لیں گے۔ چیمئپن شپ کا فائنل 12 اکتوبر 2018ء کو فلیٹیز ہوٹل میں ہوگا۔ شیراز سلیم کے مطابق مصر کے یوسف سلمان رینکنگ کے حساب سے ٹورنامنٹ کے ٹاپ سیڈ ہیں جبکہ پاکستانی کھلاڑی طیب اسلم چھٹے اور عاصم خان آٹھویں نمبر پر ہیں۔ پہلے آٹھ کھلاڑی ڈائریکٹر مین رائونڈ میں کھیلیں گے۔ پہلے رائونڈ کے پہلے مرحلے میں باقی سولہ کھلاڑی آپس میں مقابلہ کریں گے جن میں سے بچنے والے آٹھ ٹاپ آٹھ کھلاڑیوں کے مدمقابل ہوں گے۔افتتاحی تقریب12 اکتوبر کو ہوگی جس کے مہمان خصوصی ایم ڈی ایف ایم سی فاروق شاہد ہوں گے۔