حکومتی اداروں اور کارپوریشنز کے مقامی بینکوں سے قرضے ساڑھے 13 کھرب روپے سے تجاوز کر گئے سٹیٹ بینک
کراچی(این این آئی)حکومتی اداروں اور کارپوریشنوں کے مقامی بینکوں سے قرضے ساڑھے13 کھرب روپے سے تجاوزکر گئے ہیں۔رواں مالی سال کے پہلے 11 ہفتوں کے دوران سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں نے بینکوں سے 61 ارب 36 کروڑ 80 لاکھ روپے کے نئے قرضے لیے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق یکم جولائی سے 15 ستمبر تک سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں نے بینکوں سے مجموعی طور پر61ارب 36 کروڑ 80 لاکھ روپے کے نئے قرضے لیے، جس کے باعث واپڈا، پی آئی اے، پاکستان اسٹیل، او جی ڈی سی اور دوسرے سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کی طرف سے مقامی بینکوں سے لیے گئے قرضوں کا مجموعی حجم 13 کھرب 60 ارب 87 کروڑ روپے کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا، جو جی ڈی پی کے 3.2 فیصد سے زیادہ ہے جبکہ سرکاری اداروں اور کارپوریشنوں کی طرف سے لیے گئے 325 ارب 20 کروڑ روپے کے بیرونی قرضے ان کے علاوہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ مقروض پی آئی اے ہے جس کا اندرونی قرضہ 146 ارب روپے سے زیادہ ہے۔ واپڈا مقامی بینکوں کا 132 ارب روپے اور پاکستان سٹیل 43 ارب 20 کروڑ روپے کی مقروض ہے۔رواں مالی سال 2018-19 کی پہلی سہ ماہی کے دوران بینکوں اور مالیاتی اداروں کی جانب سے نجی شعبہ کو 49.21 ارب روپے کے قرضہ جات فراہم کئے گئے ہیں۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال 2017-18 کے دوران نجی شعبہ نے 775 ارب روپے کے قرضہ جات حاصل کئے تھے ۔
سٹیٹ بینک