مانگا منڈی زہریلا کھانا کھانے سے خاتون سمیت دو فیکٹری ورکر جاں بحق ساٹھ کی حالت غیر
مانگا منڈی/ لاہور (نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) مانگا منڈی رائیونڈ روڈ پر واقع ایزگارڈ نائن گارمنٹس فیکٹری میں زہریلا کھانا کھانے سے 2 مزدور جاں بحق 60 سے زائد کی حالت خراب ہو گئی۔ جاں بحق ہونیوالوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ ورکرز کی ہلاکتوں اور حالت غیر ہونے پر سینکڑوں مزدوروں نے پہلے فیکٹری کے گیٹ پر دھرنا دیا۔ بعدازاں بائی پاس ملتان روڈ پر احتجاج اور روڈ بلاک کر دی جن کے نتیجے میں کئی گھنٹے ٹریفک جام رہی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مزدوروں کے مطابق حالت غیر ہونے پر انتظامیہ نے فوری طبی امداد کے لیے کوئی انتظا م نہ کیا جبکہ دوسری فیکٹری کی بس میں بیماروں کو مختلف ہسپتالوں میں لیجایا گیا۔ جاں بحق ہونیوالوں میں نادیہ بی بی اور ذولفقار شامل ہے۔ واقعہ کے فوری بعد پوری فیکٹری کو بند کر دیا گیا اور 3گھنٹے قبل ہی تمام مزدوروں کو چھٹی دے دی گئی مگر یہ خبر جنگل کی آگ کی طرح پورے علاقے میں پھیل گئی اور مزدور دوبارہ آگئے اور انہوں نے ملتان روڈ بلاک کر دیا اور انتظامیہ کے خلاف نعرہ بازی کی مزدوروں نے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق ہونیوالوں اور حالت بگڑنے والوں کے ساتھ انصاف کیا جائے۔ مقامی پولیس اور رانا کامران یوسی چئیرمین کی یقین دہانی پر مزدوروں نے ٹریفک کو بحال کر دی۔ مزدوروں کے مطابق دو روز قبل بھی 2مزدور ہلاک ہوئے تھے اور انتطامیہ کو اسی کی اطلاع دی تھی مگر انتظامیہ نے سنی ان سنی کر دی اگر انتظامیہ فوری ایکشن لیتی تو اتنا بڑاواقعہ پیش نہ آتا۔ متعدد مزدوروں کا کہنا ہے کہ زہریلا کھانا کھانے کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے مانگا منڈی کے قریب فیکٹری میں زہریلا کھانا کھانے سے مزدوروں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سیکرٹری لیبر اور انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔
2 مزدور جاں بحق