بھارت کے روس سے خطرناک ترین ایئرڈیفنس سسٹم خریدنے دفاع جوہری توانائی خلائی تحقیق میں تعاون سمیت اربوں ڈالر کے معاہدے
دہلی (صباح نیوز+ اے ایف پی) بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی اور روس کے صدر ولادی میر پیوٹن کے درمیان خطرناک ائر ڈیفنس سسٹم ایس 400کی خریداری سمیت دفاعی، تجارتی اور خلائی تحقیق سے متعلق معاہدوں پر اتفاق کر لیا گیا۔ بھارت اور روس کے درمیان خطرناک ترین ائر ڈیفنس سسٹم ایس-400 کے لیے 5 بلین امریکی ڈالر کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ وزیراعظم مودی اور روس کے صدر پیوٹن نے معاہدے پر دستخط کردیئے۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے درمیان 8 دفاعی، جوہری توانائی، خلائی تحقیق اور تجارتی اور ریلوے کے معاہدے بھی طے پائے گئے۔ اسی طرح رواں برس ہونے والی مشترکہ فوجی مشقوں اندرا 2018 ءکے انعقاد پر اہم امور پر بھی اتفاق کرلیا گیا ہے۔ بھارت اور روس کے سربراہان کے درمیان 19 ویں سالانہ اجلاس میں شرکت کرنے کے لیے پیوٹن نئی دہلی پہنچے تھے۔ گزشتہ روز روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے مختلف وزارتوں کے اعلی اور اہم حکام سے بھی ملاقات کی اور طے پانے والے دو طرفہ معاہدوں کو حتمی شکل دی گئی تھی۔ ادھر روس کا امریکہ کے سائبر حملوں کے الزامات پر کہنا ہے کہ امریکا خطرناک راستے پر چل رہا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات مزید کشیدہ ہو سکتے ہیں۔ روسی نائب وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی الزامات سے دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھے گی، امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، نیدر لینڈ روس پر عائد سائبر حملوں کے الزامات پر نظر ثانی کریں۔ امریکہ سمیت 4ممالک نے گزشتہ روز روس پر سائبر ہیکنگ کے الزامات عائد کیے تھے، جن میں کہا گیا تھا کہ روس نے گلوبل سپورٹس، عالمی کیمیکل واچ ڈاگ سمیت متعدد اہداف پر سائبر حملے کئے ہیں۔
معاہدے