• news
  • image

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ایگزیکٹو بورڈ اجلاس...اہم فیصلے متوقع

سپورٹس رپورٹر
پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو شاید نظر لگ گئی ہے کہ بین الاقوامی مقابلوں میں اچھا پرفارم کریں‘ نہیں ہاریں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے کھیل میں بہتری لانے کیلئے غیرملکی کوچز کے علاوہ فزیکل فٹنس کو بہتر بنانے کیلئے جی پی آر ایس سسٹم بھی متعارف کرایا۔ ایشین گیمز میں ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد غیرملکی کوچ اور ٹرینر نے تنقید کی زد میں آکر قومی ٹیم کو چھوڑ دیا جبکہ اس کی ایک وجہ حکومت کی جانب سے قومی کھیل کیلئے فنڈز کی عدم دستیابی بھی رہی ہے۔ اس تمام صورتحال میں ایشین چیمپئنز ٹرافی کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ان دنوں دوسرا آل پاکستان نیول چیف ہاکی ٹورنامنٹ بھی جاری ہے جس میں محکموںکی ٹیمیں کھیل رہی ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس ٹورنامنٹ کی وجہ سے ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کی وجہ سے ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنمنٹ کا تربیتی کیمپ بھی لاہور میں لگایا تھا۔ نیول چیف ٹورنامنٹ ختم ہوتے ہی قومی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوںکا تربیتی کیمپ بھی لاہور سے کراچی منتقل کر دیا جائے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ اس مرتبہ سلیکشن کمیٹی ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ مل کر ایک اچھی ٹیم تشکیل دے گی جو ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں ملک و قوم کا سر فخر سے بلند کرے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر (ر) خالد سجاد کھوکھر کاکہنا ہے کہ ہم اپنے نوجوان کھلاڑیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں تاکہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا یہ بات درست ہے فیڈریشن مالی مشکلات سے دوچار ہے۔ اس کے باوجود بھی کھلاڑیوں سے میرا وعدہ ہے کہ وہ دل لگا کر کھیلیں۔ ان کی پائی پائی ادا کروں گا۔ ماضی میں ایشین گیمز میںشرکت کیلئے جانے سے قبل بھی اپنی مدد آپ کے تحت کھلاڑیوں کو ان کے بقیہ جات کی ادائیگی کی تھی۔ صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کو بہت زیادہ سوشل میڈیا پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جس سے کھیل کو نقصان ہو رہا ہے۔ اس کی ایک وجہ پسند ناپسند ہے۔ ماضی میں یہ لوگ فیڈریشن کے ساتھ مل کر کام کر رہے تھے۔ اب عہدوں کے لالچ میں فیڈریشن کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ قومی کھیل کیلئے ہرممکن اقدامات کے اس کی بہتری کریں۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ میں مجھے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ سے بہت زیادہ توقع ہے کہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ماضی کی غلطیوں پر قابو پا کر کامیابیاں سمیٹیں گے۔ غیرملکی کوچ کو ہو سکتا ہے کہ پاکستان سے زیادہ پیسے کی آفر آئی ہو جس کی وجہ سے انہوں نے ملائشین ہاکی ٹیم کو جوائن کر لیا۔ بہرکیف پاکستانی کھلاڑیوں نے ان سے کچھ سیکھا ضرور ہوگا۔ میری آج بھی ان تمام افراد سے اپیل ہے کہ قومی کھیل کی ترقی کیلئے اگر وہ کوئی کردار ادا کرنا چاہتے ہیں فیڈریشن کے دروازے ان کیلئے کھلے ہیں۔ صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھاکہ ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس بلایا گیا ہے جس میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری شہباز احمد سینئر کا کہنا تھا کہ جن لوگوں کو میں پسند ہیں اس کی ہرگز پروا نہیں۔ میں قومی کھیل کی ترقی کیلئے اقدامات کررہا ہوں۔ فیڈریشن کے صدر کی کوششوں سے تین سے چار ڈیپارٹمنٹ کی نئی ٹیمیں تشکیل دی گئیں جس سے بیروزگار نوجوان کھلاڑیوں کو روزگار کے مواقع ملے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کھلاڑی جب ہیرو بننے کیلئے کوشش کریںگے تو اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وہ محنت سے ملک و قوم کے ساتھ دنیا میں کھیل کے ہیرو بن سکتے ہیں۔ آج کے دور میں کھلاڑیوں کو جتنی سہولیات میسر ہیں‘ ماضی میںنہیں ہوتی تھیں۔
پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری رائے اعجاز اکبر کا کہنا تھا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ساتھ مل کر صوبائی سطح پر کھیل کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن نے سالانہ کیلنڈر کو فائنل کیا ہے جس کے مطابق صوبے میں آل پاکستان ٹورنامنٹ کی تعداد میں اضافہ کیا ہے جس سے نوجوان کھلاڑی بڑی تعداد میں سامنے آرہے ہیں۔ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن نے اس کےساتھ ساتھ جونیئر لیول پر بھی ہاکی سرگرمیوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ انڈر 16 ہاکی ٹورنامنٹ کرنے کی تیاریاں کر رہے ہیں جس سے ہمیں مستقبل کے سٹار کھلاڑی دستیاب ہونگے۔ ان کا کہنا تھا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب کے ساتھ مل کر انڈر 12 اور انڈر 14سکولز کی سطح پر ٹورنامنٹ کرانا چاہتے ہیں تاکہ گراس روٹ لیول پر ہمیں نیا ٹیلنٹ دستیاب ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف قومی کھیل کی ترقی کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے اس سے وہ دن دور نہیں جب پاکستان بین الاقوامی سطح پر اچھے نتائج حاصل کرنا شروع ہو جائیںگے۔ رائے اعجاز اکبر کا کہنا تھا کہ پی ایچ ایف ایگزیکٹو بورڈ میں بھی قومی کھیل کی ترقی کیلئے مشاورت کی جائے گی اور بعض اہم فیصلے کئے جائیںگے۔ میری ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مشاورت سے اچھے فیصلے کئے جائیں، ہمارا فیڈریشن کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر انجینئر خواجہ خاور انور اور سیکرٹری کرنل (ر) آصف ناز کھوکھر کی صوبے میں ہاکی سرگرمیوں کو بڑھانے کی کوششیں خوش آئند ہیں۔

epaper

ای پیپر-دی نیشن