اپوزیشن کا سپیکر قومی اسمبل سے شہبازشریف کی گرفتاری پر احتجاج مسلم لیگ ن کا الیکشن کمشن کو خط
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ اے پی پی+ صباح نیوز) مسلم لےگ ن اور جے ےو آئی ف کے رہنماﺅں نے گذشتہ روز شہباز شرےف کی گرفتاری سے پےدا شدہ صورتحال کے پس منظر مےں سپےکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی اور ان سے مطالبہ کےا اپوزےشن کی رےکوزےشن پر قومی اسمبلی کا اجلاس فوری بلاےا جائے، اپوزیشن ارکان راجا ظفرالحق کی قےادت مےں آئے۔ وفد میں عبدالغفور حیدری، رانا تنویر حسین، مرتضیٰ جاوید، ایازصادق، طاہرہ اورنگزیب سمےت دےگر ارکان شامل تھے۔ اپوزیشن ارکان نے شہباز شریف کی گرفتاری پر سپیکر کو احتجاج ریکارڈ کرایا اور راجا ظفرالحق نے سپےکر کو بتاےا ہم نے قومی اسمبلی اجلاس بلانے کیلئے رےکوزیشن جمع کرا دی ہے، اجلاس بلا کر اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری پر بحث کرائی جائے، گرفتاری انتقامی کارروائی ہے اور جمہوریت کے لئے نقصان دہ ہے۔ رانا تنویر نے کہا شہباز شریف کو بھی اجلاس میں شرکت کےلئے طلب کیا جائے۔ ایاز صادق نے کہا شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک سے بھی رابطہ کروں گا کہ رکاوٹ نہ ہو۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا شہباز شریف کی گرفتاری افسوسناک اور شرمناک ہے۔ اپوزیشن خاموش نہیں رہے گی وقت آیا تو مزاحمت بھی کریں گے۔ اے پی پی کے مطابق سپیکر نے انہیں یقین دہانی کرائی قواعد کے مطابق 14روز کے اندر یہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔ صباح نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن)کے چیئرمین سینیٹرراجہ ظفرالحق نے کہا ہے ضمنی الیکشن سے قبل مسلم لیگ ن کے مرکزی صدر شہباز شریف کی گرفتاری دھاندلی ہے۔ انہوں نے یہ بات الیکشن کمشن کو لکھے گئے خط میں کہی۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا وہ اس گرفتاری کا نوٹس لے۔ راجہ ظفرالحق نے خط میں موقف اپنایا ہے شہباز شریف کو گرفتار کرنے کی کوئی قانونی وجہ نہیں، یہ سیاسی انتقام ہے۔ انہوں نے شہباز شریف کی گرفتاری کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ پری پول دھاندلی ہے۔
ریکوزیشن
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کی گرفتاری کے خلاف قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی گئی ہے۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی خاتون رکن اسمبلی حنا پرویز بٹ نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی۔ قرارداد میں شہباز شریف کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں، نیب نے دیئے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کو گرفتار کیا، نیب نے صاف پانی کیس میں بلایا اور گرفتاری آشیانہ ہاﺅسنگ کیس میں ڈالی۔ عام انتخابات سے پہلے نواز شریف اور ضمنی الیکشن سے قبل شہباز شریف کی گرفتاری نے کئی سوالات اٹھا دیئے ہیں، نیب ایک ایسا مردہ گھوڑا ہے جس کو صرف مسلم لیگ ن کے خلاف استعمال کرنے کیلئے زندہ کیا گیا ہے، احتساب کے نام پر انتقام لیا جا رہا ہے، حکومت نے ضمنی انتخابات سے قبل شہباز شریف کو رہا نہ کیا تو ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے۔ مزید براں مسلم لیگ (ن) کے ارکان پنجاب اسمبلی نے سابق وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے خلاف پنجاب اسمبلی میں ریکوزیشن جمع کرا دی ہے۔ ریکوزیشن پنجاب اسمبلی کے ارکان سمیع اللہ خان، ذیشان رفیق، چودھری یوسف کسیلہ اور بلال فاروق کی طرف سے جمع کروائی گئی ہے۔ ریکوزیشن میں پنجاب اسمبلی کا اجلاس فوری بلانے کی درخواست کی گئی ہے۔
پنجاب اسمبلی/ قرارداد