• news

خیبر پی کے میں استحکام کے بعد پاکستان کا معاشی مستقبل بلوچستان ترجیح ہے : آرمی چیف

راولپنڈی، کوئٹہ (صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلٰی بلوچستان جام کمال خان اور وفاقی وزراءکے ہمراہ کوئٹہ کینٹ میں سدرن کمانڈ ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کوئٹہ ایئر بیس پر وزیر اعظم کا استقبال کیا وزیر اعظم کو صوبے میں سیکورٹی صورتحال چیلنجز اور ان سے نمٹنے کیلئے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ خوشحال بلوچستان پروگرام کے منصوبوں اورمعاشی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی وزیر اعظم کو اقتصادی راہداری منصوبوں پر پیشرفت اور اسکی سیکورٹی سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیراعظم کو پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا اس موقع پر آرمی چیف نے کہا خیبر پی کے میں استحکام کے بعد ہماری ترجیح بلوچستان ہے۔ انہوں نے کہا بلوچستان پر توجہ مرکوز کی ہے جو پاکستان کا معاشی مستقبل ہے اس موقع پر وزیر اعظم نے صوبے میں امن و استحکام اور سماجی اقتصادی ترقی کیلئے سیکورٹی فورسز کے کردار کوسراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ جامع قومی کوششوں کے ذریعے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تعاون اور فوج کی معاونت سے ہم بلوچستان کی حقیقی صلاحیت کو اجاگر کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی قومی کوششوں کے ذریعے انشاءاللہ ہم صوبوںاور ملک کو امن و خوشحالی اور ترقی کی منزل پر گامزن کریں گے۔
آرمی چیف

ای پیپر-دی نیشن