• news

عمران رونا چھوڑیں، بتائیں کتنا لوٹا مال واپس آیا، بجلی، گیس کیوں مہنگی کی: مریم اورنگزیب

لاہور (خصوصی رپورٹر )مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان دائیں بائیں دیکھیں، وہ کرپشن کی زندہ علامتوں کے محافظ بن چکے ہیں۔ وزیراعظم کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں 11 سوالوں کے جواب مانگتے ہوئے سابق وزیر اطلاعات نے کہا عمران صاحب! روناچھوڑیں۔ بتائیں غریبوں سے روٹی کا نوالہ کیوں چھینا؟ بجلی گیس کیوں مہنگی کی؟ عمران صاحب! شہبازشریف کی گرفتاری کے پہلے ہی دن آپ کی گھبراہٹ عیاں ہے۔ عمران صاحب دو ماہ میں لوٹا ہوا کتنا مال واپس آیا؟ پی ٹی آئی ملازمین کے اکاؤنٹس میں ہنڈی کے ذریعے آنے والی کروڑوں روپے کی منی لانڈرنگ پر عمران خان تحقیقات کیوں نہیں کراتے۔ جسٹس (ر) وجیہ، جنرل (ر) حامد خان اور اکبر بابر نے پی ٹی آئی کے اندر جس کرپشن کی نشاندہی کی تھی، اس پر کارروائی کرنے کے بجائے وسل بلوائیرز کو ہی نشان عبرت کیوں بنادیا گیا؟ 9ارب ڈالر کی دوبئی میں پراپرٹیز پاکستانیوں نے خریدی ہیں، اس میں 60ارب روپے کی جائیداد عمران خان کی اپنی بہنوں کی ہے جن کا کوئی ذریعہ آمدن نہیں ماسوائے خیراتی اداروں کے بورڈز کی ارکان ہیں۔ ان کی تحقیقات کب شروع کریں گے؟ 2016 اور 2017 میں صرف ایک سال میں پیسکو کے بجلی نقصانات اور بلوں کی وصولی میں 48فیصد خسارہ کا سامنا رہا۔ 2017اور2018 میں خیبرپی کے حکومت کا کل 55ارب روپے کا خسارہ تھا۔ اس کے بارے میں قوم کو کب بتائیں گے؟ مالی سال 2017اور2018 میں خیبرپی کے حکومت کا غیرملکی قرض پچاس ارب روپے سے زائد تھا۔ گیس کی قیمتوں میں تاریخی اضافے کا قوم پر بوجھ نہ پڑتا اگر خیبرپی کے میں صرف کرک اور کوہاٹ والے ہی گیس کے بلوں کے واجبات ادا کردیتے۔ عمران صاحب !قوم کو جواب دیں سٹاک ایکسچینج 40 فیصد کیوں اور کیسے نیچے گئی؟ عثمان بزدار کوغ ربت کی وجہ سے عہدہ دیا تو بلوچستان سب سے غریب صوبہ ہے وہاں نواب کو وزیراعلی کیوں بنایا؟ اداروں کو فعال بنانے کے بجائے مخالفین کے انتقام پر لگادیا۔ عمران خان کی کابینہ دوستوں اور حواریوں پر مشتمل ہے، تاریخ میں کرپٹ ترین کابینہ ثابت ہوگی۔ عمران خان عوام کو یہ بھی بتائیں کہ خیبرپی کے کا 45ارب کاقرض کیوں لیا اور وہ کہاں گیا؟ خیبرپی کے کی 65ارب کی بجلی چوری کیوں نہیں پکڑی؟ خیبرپی کے کی میٹرو کی کرپشن 80ارب پر کیسے پہنچی؟ زُلفی بخاری، علیمہ خان، علیم خان، جہانگیر ترین کی بیرون ملک پراپرٹی کی نیلامی کی تاریخ بتائیں؟ عمران صاحب! اب بڑھکیں نہ ماریں اور لوٹا پیسہ واپس لائیں۔ نوازشریف کے 300ارب واپس لائیں یا پھر معافی مانگیں۔ عمران خان کو نیب کی رفتار کم اس لئے لگ رہی ہے کیونکہ ان کے دل میں حسد اور سیاسی انتقام کی آگ سلگ رہی ہے۔ عمران خان قوم کو بتائیں خیبر پی کے احتساب کمشن کے 6ارب کدھر گئے؟۔

ای پیپر-دی نیشن